کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ راوی ریور فرنٹ اربن پراجیکٹ گیم چینجر ہے،عمران خان بے گھر افراد کو گھر دینے کیلئے بے چین ہیں جبکہ متاثرین نے کہا کہ نواز شریف کو ووٹ دینے کی سزا ہمیں دی جا رہی ہے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ دریائے راوی میں صاف پانی کی جھیل کے خواب کو پی ٹی آئی حکومت عمران خان کی قیادت میں حقیقت کا روپ دے گی، شہباز شریف کی حکومت نے سیاسی مصلحتوں کی بنیاد پر اس پراجیکٹ کو بند کردیا۔ فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ لاہور کی تیزی سے بڑھتی آبادی کے پیش نظر شہریوں کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اس پراجیکٹ کو وزیراعظم عمران خان کے سامنے پیش کیا،نئے شہرسے ایل ڈی اے کا کوئی تعلق نہیں ہوگا اسے راوی ریور اربن اتھارٹی مینج کرے گی، پراجیکٹ کے متاثرین کو جبری طور پر ان کی جگہوں سے نہیں ہٹایا جائے گا، متاثرین کو باہمی رضامندی سے دوسری جگہ گھر فراہم کیے جائیں گے، ضروری نہیں کہ جن گھروں اور دکانوں پر نشان لگے ہیں وہ گرائے جائیں گے،عمران خان نیا گھر اسکیم کے تحت بے گھر افراد کو گھر دینے کیلئے بے چین ہیں وہ کسی کا گھر چھین نہیں سکتے، متاثرین معاوضہ لینا چاہیں یا دوسری جگہ گھر لینا چاہیں ان کی مرضی ہوگی اس کیلئے ٹی آر اوز بن رہے ہیں۔میزبان حامد میر راوی ریور فرنٹ سٹی پراجیکٹ سے متاثر ہونے والے شہریوں کے احتجاج میں بھی گئے، متاثرین کا کہنا تھا کہ حکومت مہنگائی کے اس دور میں ہم سے اور ہمارے بچوں سے سر چھپانے کی جگہ چھین رہی ہے، عمران خان کہاں سے آگیا ہمارے بچوں کی چھت بھی چھین رہا ہے، حکومت نے آباد علاقے کو غیرقانونی طور پر راوی ریور پراجیکٹ میں لے لیا ہے، لوگوں کے آباد گھروں کو گرا کر کیسا نیا شہر آباد کیا جارہا ہے، لاہور کے ماسٹر پلان میں یہ سارا علاقہ ایگریکلچر لینڈ کے طور پر منظور کیا گیا ہے، حکومت اپنے مقصد کے حصول کیلئے اس زرخیز زمین کو بنجر قرار دے رہی ہے، ہمارے پاس گھروں کی رجسٹریاں موجود ہیں یہ گھر ہمارے ناموں پر ہیں۔