• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بدعنوانی کیسز ، سہیل سیال ، منظور وسان و دیگر کی ضمانتوں میں توسیع

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے مختلف بد عنوانی سے متعلق الزامات میں پی پی رہنما اور صوبائی وزیر سہیل انور سیال ، منظور وسان ودیگر کی ضمانتوں میں توسیع کردی ہے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر نیب سے پیش رفت رپورٹ طلب کرلی۔ جمعرات کو سندھ ہائی کورٹ میں کرپشن کیس میں پیپلز پارٹی رہنما اور صوبائی وزیر سہیل انور سیال ودیگر کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی ، دوران سماعت سہیل انور سیال کے شریک ملزم جمیل سومرو کی عدم حاضری پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا ،وکیل صفائی کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ انتخابی مہم کے سلسلے میں جمیل سومرو گلگت بلتستان میں موجود ہیں، عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ کئی لوگ عدالت میں پیش ہونا ہی نہیں چاہتے ،جمیل سومرو گلگت بلتستان میں انجوائے کررہے ہیں مگر عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ وکیل صفائی نے بتایا کہ جمیل سومرو نے واپسی کا ٹکٹ بک کرالیا تھا تاہم فلائٹ منسوخ ہوگئی تھی، عدالت نے استفسار کیا کہ جمیل سومرو کا ٹکٹ کہاں ہے؟ وکیل صفائی نے بتایا کہ جمیل سومرو کا ٹکٹ اگلی سماعت پر عدالت میں پیش کردیا جائے گا۔

تازہ ترین