• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ نے چینی فوجی کمپنیوں میں امریکی سرمایہ کاری پر پابندی لگادی

واشنگٹن (جنگ نیوز )امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک صدارتی حکم نامے کے تحت چین کی ان تمام کمپنیوں میں امریکہ سے سرمایہ کاری پر پابندی لگا دی ہے جن کا چینی فوج کے ساتھ یا تو تعلق ہے یا وہ چین کی فوج کے کنٹرول میں ہیں۔

جمعرات کو جاری ہونے والے حکم نامے کا اثر چین کی بڑی کمپنیوں پر بھی پڑے گا جن میں چائنا ٹیلی کام کارپوریشن لمیٹڈ،چائنا موبائل لمیٹڈ اور سرویلنس کا ساز و سامان بنانے والی کمپنی ہاک ویژن شامل ہیں۔

یہ اقدام امریکہ کی سرمایہ کار فرمز، پینشن فنڈز اور شیئرز کی خرید و فروخت کرنے والی کمپنیوں کو چین کیے31 اداروں کے شئیرز خریدنے سے روکنے کے لیے کیا گیا ہے۔ 

چین کی ان کمپنیوں کو امریکہ کے محکمۂ دفاع نے رواں برس کے اوائل میں چین فوج کے زیر اثر قرار دیا تھا۔اس حکم نامے کے آئندہ برس 11 جنوری سے نافذ ہونے کے بعد تمام امریکی سرمایہ کار ان کمپنیوں کے حصص میں سرمایہ کاری نہیں کر سکیں گے۔

اس حکم کے تحت امریکی شہری اب کسی بھی ایسی کمپنی کے حصص میں سرمایہ کاری نہیں کر سکیں گے جن کو چین کی فوج سے منسلک قرار دیا جائے اور کسی بھی کمپنی کو چین کی فوج سے منسلک قرار دیے جانے کے ​60 روز کے عرصے کے بعد اس حکم کا اطلاق ہو جائے گا۔

وائٹ ہاؤس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ چین امریکی سرمایہ اور وسائل کو اپنی فوج، انٹیلی جنس اور سیکیورٹی ساز و سامان کی ترقی اور اسے جدید بنانے کے لیے استعمال کر رہا ہے۔

امریکہ میں گزشتہ ہفتے ہونے والے صدارتی انتخابات کے بعد غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج سامنے آنے کے بعد یہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا پہلا اہم حکم نامہ ہے۔

تازہ ترین