• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقتصادی رابطہ کمیٹی، پی آئی اے سے 3500 ملازمین ریٹائر کرنے کی منظوری

اسلام آباد(نمائندہ جنگ ) کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نےپی آئی اے کے 3500مستقل ملازمین ریٹائر کرنے اوران کیلئےرضاکارانہ علیحدگی اسکیم کے لیے 12ارب80کروڑ روپے کی اصولی منظوری دے دی ، ای سی سی کا اجلاس گزشتہ روز مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت ہوا۔

اجلاس میں وزارت دفاع و داخلہ کے 4 منصوبوں کیلئے 4 تکنیکی ضمنی گرانٹس ،نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کیلئے 5کروڑ30لاکھ روپے مختص کرنے کی منظوری دیدی ہے، یہ فنڈز وزیراعظم آفس میں کامیاب جوان پروگرام کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی خدمات کی فراہمی کیلئے بروئے کارلائے جائیں گے۔

اجلاس میں کینو اورآم کی برآمدات کیلئے نظام الاوقات مرتب کرنے کے حوالے سے وزارت تجارت اوروزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کے نمائندوں پرمشتمل کمیٹی کے قیام کی سفارش بھی کی گئی ،جاری مالی سال کیلئے وزارت دفاع اور داخلہ کے 4مختلف منصوبوں کیلئے 4 تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری بھی دی گئی ہے۔

وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی وٹیلی کمیونیکیشن کی جانب سے سم وسمارٹ کارڈزکی ملکی سطح پرتیاری کی سمری پراجلاس میں تفصیلی غورغوض ہوا، چیئرمین ای سی سی نے تجویز کاجائزہ لینے کیلئے کمیٹی قائم کرنے اوردوہفتوں میں رپورٹ جمع کرنے کی ہدایت کی تاکہ اس تجویز کوآگے بڑھایا جاسکے،حماداظہرکمیٹی کے سربراہ ہوں گے۔

کمیٹی میں وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی وٹیلی کمیونیکیشن، ایف بی آراورسرمایہ کاری بورڈ کے نمائندے شامل ہوں گے،اجلاس میں پیٹرولیم ڈویژن کی تجویز پرباشرایکس آئی ایس ٹی سے تیسرے فریق کو ایک ایم ایم سی ایف ڈی گیس مختص کرنے کی اجازت دی گئی۔

اجلاس میں پی آئی اے سی ایل (وزارت ہوابازی) کی جانب سے رضاکارانہ علیحدگی سکیم(وی ایس ایس) کیلئے حکومت پاکستان کے کیش سپورٹ سے متعلق سمری پیش کی گئی جس کی اصولی منظوری کافیصلہ کیا گیا،کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پی آئی اے کے 3500مستقل ملازمین کےلیے رضاکارانہ علیحدگی سکیم کے لیے 12ارب80کروڑ روپے کی اصولی منظوری دے دی۔

ذرائع کے مطابق پہلے اس بات کا جائزہ لیا جائیگا کہ کتنے ملازمین رضاکارانہ ملازمت سے الگ ہونے کے خواہشمند ہیں جس کے بعد سکیم کےلیے حتمی لاگت کا فیصلہ کیا جائے گاای سی سی نے فیصلہ کیا کہ سمری کی اصولی منظوری دے دی جائے جس کے بعد پی آئی اے اس پر مزیدکام کرے گی ، اس سکیم کی مستقل ملازمین کو پیش کش کی جائیگی تقریباً 3500مستقل ملازمین گولڈن ہینڈ شیک حاصل کریں گے۔

پی آئی اے کی انتظامیہ درخواستوں کی وصولی کے بعد فیصلہ کرے گی اگر 3500ملازمین درخواست دیتے ہیں تو تمام ملازمین کو گولڈن ہینڈ شیک دے دیا جائیگا اگر3500سے زائد ملازمین درخواست دیتے ہیں تو پھر ایک طریقہ کار کا تعین کیا جائے گا ۔

تازہ ترین