کراچی ( اسٹا رپورٹر) سندھ حکومت صوبے کے 29 اسپتالوں کو شمسی بجلی پر چلانے کے لئے 1.2 ارب روپے لاگت کے منصوبے پر مارچ 2021 تک کام مکمل کر لے گی،یہ بات وزیر توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے عالمی بینک کے افسران کے ساتھ وڈیو لنک پر ایک اہم اجلاس میں بتائی،اجلاس میں عالمی بینک کی معاونت سے سندھ میں شمسی توانائی کے منصوبوں پر پیشرفت اور عملدرآمد کی رفتار کا جائزہ لیا گیا،وزیر توانائی سندھ نے کہا کہ ماحول دوست توانائی منصوبوں میں سندھ سب سے آگے ہے، قدرت نے ہمیں بے پناہ شمسی توانائی کی دولت سے سرفراز کیا ہے اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کا سب سے بڑا ونڈ کوریڈور بھی سندھ میں ہے،اجلاس میں عالمی بینک کے سینئر انرجی اسپیشلسٹ اولیور نائٹ Oliver Knight, عالمی بنک کے انجم احمد ،ماہاارشد اور دیگر افسران کے علاوہ سیکریٹری توانائی سندھ طارق علی شاہ، پراجیکٹ ڈائریکٹر محکمہ توانائی قاضی محفوظ اور دیگر افسران موجود تھے، امتیاز شیخ نے مانجھند ضلع جامشورو میں 560 میگا واٹ اور گھارو ضلع ٹھٹہ میں 330 میگاواٹ کے دو سولر پارک ڈیولپ کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ قدرتی وسائل سے صاف شفاف اور ماحول دوست بجلی پیدا کرکے بجلی کی شدید قلت کے بحران سے بچا جاسکے۔