• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران کے پاسداران انقلاب کا طیارہ بردار بحری بیڑہ تیار

تہران (اے ایف پی /جنگ نیوز)ایران کی پیراملٹری فورس پاسداران انقلاب نے کہا ہے کہ امریکہ سے حالیہ کشیدگی کے تناظر میں اس نے ایک بڑا جنگی بحری جہاز تیار کیا ہے جو ہیلی کاپٹر، ڈرونز اور میزائل لانچر لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ اس کے جہاز کی لمبائی 150 میٹر ہے۔عرب میڈیا کے مطابق اس بحری جنگی جہاز کا نام پاسداران انقلاب کے مقتول کمانڈر عبداللہ رودکی کے نام پر رکھا گیا ہے۔بحری بیڑے کی تصویروں میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اس میں ٹرک سے لانچ کیے جانے والے زمین سے زمین تک مار کرنے والے میزائل اور اینٹی ایئر کرافٹ میزائل بھی موجود ہیں۔اس میں چار چھوٹی ایسی تیز رفتار کشتیاں بھی ہیں جو خلیج عرب میں پاسداران انقلاب کے اہلکار معمول کے مطابق استعمال کرتے ہیں۔اس کے مقابلے میں امریکی طیارہ بردار بحری جہاز نمٹز کلاس کی لمبائی 332 میٹر ہے۔پاسداران انقلاب کے جہاز میں رن وے موجود نہیں ہے تاہم اس میں ہیلی کاپٹر کے لیے ایک لینڈنگ پیڈ موجود ہے۔

تازہ ترین