لاہور میں برکی روڈ پر سی ٹی ڈی تھانے پر دہشتگرد حملے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پولیس نے برکی روڈ پر دہشت گرد حملہ ناکام بنادیا تھا اور دہشتگرد کو ہلاک کردیا تھا۔
برکی روڈ پر سی ٹی ڈی تھانے کی عمارت کے عقب میں چھپا ایک دہشتگرد فائرنگ کرتا ہوا کھیتوں سے باہر نکلا اور سیکیورٹی اہلکار کو دیکھ کر دستی بم پھینک دیا۔
سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی اہلکار نے اس وار کا مقابلہ کرتے ہوئے جوابی فائرنگ کی اور دہشتگرد کو تھانے کی عمارت تک پہنچنے سے پہلے ہی ڈھیر کردیا۔
سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق دہشتگرد کی عمر تقریباً 20 سال تھی جس کی لاش مردہ خانے بھجوادی گئی ہے۔
واقعے کا مقدمہ دہشتگردی سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔