برسلز (حافظ انیب راشد) یورپین یونین نے افغانستان کیلئے 1.2ارب یورو امداد کا اعلان کیا ہے ۔ یورپین یونین کی جانب سے یہ اعلان اقوام متحدہ، فن لینڈ اور افغانستان کے تعاون سے جنیوا میں منعقد ہونے والی افغانستان کانفرنس 2020 میں کیا۔ کرونا وائرس کے باعث آن لائین منعقد ہونے والے اس اجلاس میں یورپین یونین کی نمائندگی یورپین کمشنر برائے بین الاقوامی ساجھے داری( انٹرنیشنل پارٹنر شپس ) جوٹا ارپیلینین نے کی ۔ انہوں نے کہا کہ یورپ کی جانب سے مالی امداد کا یہ اعلان اس بات کا اظہار ہے کہ ایک پر امن ، جمہوری، خود مختار اور خوشحال افغانستان ہمارے لئے کتنا اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ امداد آئندہ 4 سال کیلئے ہے۔ جس کے ذریعے کرپشن سے پاک اچھی گورنمنٹ ، پائیدار ترقی ، لوگوں کو غربت سے باہر نکالنے ، ادارہ جاتی اصلاحات کے ذریعے افغان عوام کی زندگیوں میں آسانی پیدا کرنا ہے۔