• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اندرون ملک سیاحت کا فروغ، پی آئی اے اور ہاشو گروپ میں معاہدہ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پی آئی اے اور ہاشو گروپ کے درمیان معاہدہ، معاہدے سے اندرون ملک سیاحت کو فروغ ملے گا۔تفصیلات کے مطابق پی آئی اے اور ہاشو گروپ کے درمیان ایک مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے گئے ہیں جس کے تحت مشترکہ طور پر پاکستان میں کاروبار بڑھانے اور سیاحت کو فروغ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس باہمی معاہدے کے مطابق سیاحتی پیکیجز، رینٹ اے کار سروس، پک اینڈ ڈراپ کی سہولت، شادی کے موقع پر خصوصی رعایتی پیکیجز، ہوائی سفر پر رعایت کی سہولت، صارفین کی سہولت کے لئے مشترکہ کاؤنٹرز کا قیام اور لائلٹی کارڈ کی سہولیات شامل ہیں، پی آئی اے اور ہاشو گروپ ایئرپورٹ ہوٹل کراچی کو اپ گریڈکرنے، بہتر بنانے اور چلانے کے لئے بھی مشترکہ کوششیں کریں گے، اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے وژن کے مطابق یہ توقع ہے کہ اس مشترکہ منصوبہ سے نہ صرف اندرون ملک سیاحت کو فروغ ملے گابلکہ پاکستان میں ٹریول انڈسٹری کے دو بڑے اسٹیک ہولڈرز کے مابین ہم آہنگی کو بھی بہتر بنایا جائے گا، اس شراکت داری کے ذریعے ہم پاکستان میں سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی ، آرام دہ سفری اور رہائشی سہولیات مناسب اور رعایتی نرخوں پر فراہم کرنے کا عزم رکھتے ہیں، اس کے علاوہ اندرون ملک اور بیرون ملک سے پاکستان کے خوبصورت سیاحتی علاقوں کا سفر کرنے والوں کے لئے تقریبات کا انعقاد بھی کیا جائے گا، پی آئی اے ہاشو گروپ کے ہوٹلوں میں 30 کے قریب سیل پوائنٹس قائم کرے گا، پی آئی اے کے دفاتر کے ذریعہ ٹکٹوں کی خریداری، دوبارہ اجراء، ادائیگی کی وصولی، کریڈٹ کارڈ کے ذریعے وصولی اور اس سے وابستہ تمام خدمات کے لئے 24 گھنٹوں کی معاونت کی خدمات فراہم کی جائیں گی جبکہ صارفین پی آئی اے کی ویب سائٹ سے بھی استفادہ حاصل کر سکیں گے۔ مفاہمتی یاداشت کے مطابق گوادر، بھوربن، مظفرآباد، اسلام آباد، مالم جبہ، اسکردو، گلگت، چترال اور شندور پولو فیسٹیول، بہاولپور، ملتان اور موہنجو ڈارو کے لئے ہوائی نقل و حمل، رہائشی سہولت کے پیکیج وغیرہ ابتدائی طور پر پیش کیے جائیں گے، ہاشو گروپ اورڈیسٹینینش آف دی ورلڈ پی آئی اے مسافروں کے لئے تمام زمینی خدمات فراہم کرے گی، پی آئی اے اور ہاشو گروپ ہوٹلز کے لائلٹی کارڈ رکھنے والوں کیلئے پی آئی اے کی ٹکٹوں اور رہائشی سہولیات میں خصوصی رعایت حاصل ہو گی، دونوں اداروں نے مل کر فضائی کرایہ میں چھوٹ والے پیکیج تیار کرنے کے لئے اجتماعی طور پر کام کرنے کا منصوبہ بنایا ہے جن کو پی آئی اے چھٹیوںکے نام سے لانچ کیا جائے گا،مشترکہ پیکیجیزمیں سیاحت کے دوسرے پیکیجز کے علاوہ سکھوں اور بدھوں کے مذہبی مقامات کے دورے بھی شامل ہوں گے۔

تازہ ترین