لاہور(خبر نگار) ایرانی قونصل جنرل محمد رضا ناظری نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے دیرینہ تعلقات میں علامہ اقبال کا کردار پل کا ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی کے زیر اہتمام ’علامہ اقبال: پاکستان اورایران روابط میں کردار‘ کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کر رہے تھے ۔محمد رضا ناظری نے کہاکہ گزشتہ ستر برسوں میں دونوں ممالک کے درمیان گہرے روابط بنانے والی پر اثر شخصیات میں علامہ اقبال بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال کا فارسی کلا م شعری معجزات میں سے ہے ۔ وائس چانسلر پروفیسر نیازاحمد اختر نے کہاایرانی علامہ اقبال کو اپنا فلاسفر اور شاعر سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران ایک خاندان کی طرح ہیں ۔ قمر علی زیدی نے کہا کہ علامہ اقبال نے افکار، جذبات، معاشروں اور سیاست میں انقلاب برپا کیا۔ ڈاکٹر ممتاز انور چوہدری نے کہا کہ کلام اقبال میں معیشت اور مزدوروں کی بات ملتی ہے۔ڈاکٹر زاہد منیر عامر ،ڈاکٹر نبیلہ رحمان ، ڈاکٹر معین الدین نظامی ،ڈاکٹر محمد ناصر نے بھی خطاب کیا۔تقریب سے علی اکبر رضائی فرد نے فارسی میں خطاب کیا۔