• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سمندر پار پاکستانیوں کے وطنِ عزیز میں مقیم اپنے اہلِ خانہ کو رقوم بھیجنے میں سہولتوں کی فراہمی سمیت ملک میں محفوظ سرمایہ کاری کی بامقصد ترغیب دینے سے اچھے نتائج کی توقع ایک اصولی بات ہے۔ خصوصاً اِن حالات میں جب قومی معیشت کو بہت سے چیلنجوں کا سامنا ہے، برآمدات کم اور درآمدات میں کئی گنا اضافہ ہونے سے ادائیگیوں کا توازن بری طرح متاثر ہوا ہے جس سے زرِمبادلہ کے ذخائر کا انتہائی نچلی سطح پر آجانا ایک منطقی عمل ہے۔ اِس چیلنج سے نمٹنے کیلئے پی ٹی آئی حکومت نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے توسط سے سال رواں میں 10ستمبر کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی بالواسطہ طور پر اندرون ملک سرمایہ کاری کی غرض سے روشن پاکستان ڈیجیٹل اکائونٹ متعارف کرایا تھا جس کا افتتاح وزیراعظم عمران خان نے کیا تھا۔ اِس حوالے سے بدھ کے روز گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان ڈاکٹر رضا باقر نے انکشاف کیا ہے کہ تارکینِ وطن روشن پاکستان ڈیجیٹل اکائونٹ میں 100ملین (10کروڑ) ڈالر جمع کرا چکے ہیں۔ اِس طرح اِس اکائونٹ کے ذریعے ملک کو روزانہ تقریباً دو ملین ڈالر مل رہے ہیں۔ گورنر اسٹیٹ بینک کا یہ بیان ترسیلاتِ زر کے حوالے سے نہایت خوش آئند ہے۔ یہ بیرون ملک پاکستانیوں کیلئے اپنا سرمایہ نہ صرف انتہائی محفوظ طریقے سے اپنے اہلِ خانہ کو منتقل کرنے کی ایک اچھی ترغیب ہے بلکہ کھاتہ داری کی بنیاد پر ان کی رقوم اسٹیٹ بینک کی ضمانت پر اندرون ملک محفوظ رہتی ہیں جو بالواسطہ طور پر ایک اچھی سرمایہ کاری بھی ہے۔ نیز ترسیلات زر کے حوالے سے اِس کا فائدہ قومی اداروں کو پہنچے گا جس سے یہ مزید مضبوط ہوں گے۔ جس طرح سمندر پار پاکستانیوں کا ملکی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے میں ایک اہم حصہ ہے اسی طرح حکومت کا ہر شعبہ زندگی میں ان کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ایک اصولی بات ہے۔

اداریہ پر ایس ایم ایس اور واٹس ایپ رائے دیں00923004647998

تازہ ترین