شیخوپورہ (نمائندہ جنگ ) محکمہ اینٹی کرپشن نے مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماء اور رکن قومی اسمبلی میاں جاوید لطیف کی 80 سالہ معمر والدہ محترمہ ولایت بی بی کے خلاف بھی دھوکہ دہی فراڈ جعلسازی کا مقدمہ ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ کی مدعیت میں درج کرلیا گیا۔
420 / 468 / 471 ت پ کی دفعات لگائی گئی ہیں مقدمے میں ریٹائرڈ پٹواری ملک غلام شبیر اور وفات پانے والے ملک طاہر وغیرہ کے نام بھی شامل ہیں۔
شیخوپورہ کےعبدالمجید وغیرہ نے درخواست دی تھی کہ جاوید لطیف کاٹریول اڈہ بنانے کے لیے کئی بے ضابطگیاں کی گئی ۔
انکوائری کروائی گئی تو الزامات درست پائے گئے جس پر معاملہ مزیدقانونی کارروائی کے لیے ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کو بھیج دیا گیا۔
نواز لیگ شیخوپورہ نے مقدمہ کے اندراج پر شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ جاوید لطیف کی والدہ انتہائی نیک اور عبادت گذار خاتون ہیں جو خاموشی کے ساتھ کئی غریب گھرانوں اور بیوہ عورتوں کی داد رسی کرتی ہیں ان کی خاطر سینکڑوں بیوہ عورتوں کے دل سے نکلنے والی آہیں حکمرانوں کا بیڑا غرق کر دیں گی۔