• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہاکس بے، بلدیہ کراچی کی تمام 254 ہٹس کے الاٹمنٹ آرڈرز منسوخ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) کمشنر و ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شالوانی نے ہاکس بے پر واقع بلدیہ عظمیٰ کراچی کی تمام ہٹس کے الاٹمنٹ آرڈرز منسوخ کرکے محکمہ لینڈ کو ہٹس کا قبضہ حاصل کرنے اور سالانہ کرایہ ادا نہ کرنے والے الاٹیز کے خلاف فوری قانونی کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے جس پر تمام الاٹیز کو محکمہ لینڈ نے فوری طور پر نوٹسز جاری کردیئے ہیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا ہے کہ ہاکس بے پر کے ایم سی کی 254 ہٹس ہیں جنہیں تین سال کے لئے الاٹ کیا جاتا تھا، آئندہ ہاکس بے پر تمام ہٹس کی جگہوں کو موجودہ مارکیٹ ویلیو کے حساب سے نیلام کیا جائے جس سے کے ایم سی کے ریونیو میں اضافہ ہوگا،انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد کے ایم سی کے اثاثوں کا بہتر استعمال اور ادارے کے ریونیو میں اضافہ کرنا ہے تاکہ شہریوں کو بہتر بلدیاتی سہولیات مہیا کی جاسکیں، انہوں نے کہا کہ ہاکس بے پر ماضی میں یہ ہٹس جن ریٹس پر الاٹ کی گئیں ان میں وقت گزرنے کے ساتھ اضافہ کرنا ناگزیر تھا تاکہ انہیں موجودہ مارکیٹ ویلیو سے ہم آہنگ کیا جاسکے، انہوں نے محکمہ لینڈ کو ہدایت کی کہ ہاکس بے پر واقع تمام ہٹس کی الاٹمنٹ اور کرائے کی وصولی کے معاملات کو شفاف اور بہتر بنایا جائے اور ایسی حکمت عملی وضع کی جائے جس سے شہر کو فائدہ پہنچے، ہٹس کی نیلامی اور الاٹمنٹ کے عمل کا مستقل طور پر جائزہ لیا جائے اور جہاں ضروری ہو اس میں ردوبدل کیا جائے، ایڈمنسٹریٹر نے کہا کہ ہاکس بے کے ساحل پر واقع ہٹس شہریوں کو تفریحی سہولیات فراہم کرنے کا ذریعہ ہیں اور بلدیاتی ادارہ ہونے کے ناتے یہ کے ایم سی کی ذمہ داری ہے کہ ان سہولیات کو بہتر سے بہتر کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیںواضح رہے جن ہٹس کی الاٹمنٹ منسوخ کی گئی ہے کےایم سی کو فی ہٹ سالانہ صرف سولہ ہزار روپے کرایہ ملتا تھا ان میں سے بھی بعض سے کے ایم سی کا عملہ کرایہ وصول نہیں کرتا تھا۔

تازہ ترین