• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Web Desk
Web Desk | 01 دسمبر ، 2020

موسم سرد، فش سجی کے شوقین سانگھڑ آنے لگے

موسم سرد ہوتے ہی قدرتی جھیل کی مچھلیوں کی سجی کھانے کے شوقین دور دور سے سندھ کے شہر سانگھڑ آنے لگے ہیں۔

قدرتی جھیل کے میٹھے پانی میں پیدا ہونے والی کھُرڑا مچھلی کی سجی نے سرد موسم میں لوگوں کو دیوانہ کر رکھا ہے، یہ سجی کوئلوں پر مخصوص انداز میں پکا کر تیار کی جاتی ہے۔

ذائقے اور صحت بخش خوراک کے شوقین دور دور سے یہاں آ رہے ہیں۔

فش سجی کے شائقین کا کہنا ہے کہ یہاں کوئلے پر بنی مچھلی کی سجی بہت زبردست ہے، ہم ہفتے میں ایک دو مرتبہ دس گیارہ کلو مچھلی بنوا کر لے جاتے ہیں۔

چٹ پٹے مسالوں کے ساتھ پیش کی جانے والی مچھلی کی سجی سرد موسم کا لطف دوبالا کر دیتی ہے۔

سجی پکانے کا مخصوص طریقہ اس کے ذائقے کو اور بھی لذیذ بنا دیتا ہے کہ اس کی خوشبو سے ہی منہ میں پانی بھر آتا ہے۔


سانگھڑ میں 25 سال سے بھی زائد عرصے سے فش سجی بنائی جا رہی ہے۔

بازار کے روایتی کھانوں سے ہٹ کر غیر روایتی لیکن قدرتی انداز میں تیار کی گئی مچھلی کی سجی کی مانگ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔