• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا ہسٹری پر 3 مزید پاکستانی کرکٹرز نیوزی لینڈ میں آئسولیٹ، ٹیم کو ٹریننگ کی اجازت نہیں ملی

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) نیوزی لینڈ کے دورے میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مزید تین کھلاڑی کورونا کی ہسٹری کی بناء پر آئسولیٹ ہوگئے ہیں۔ انہیں منگل کواپنے کمروں میں آئسولیٹ کردیا گیا ہے۔ ان کے میل ملاپ پر بھی پابندی ہے جبکہ پانچ کنفرم کورونا کیس والے کرکٹرز کرائسٹ چرچ ہوٹل کے اوپر والے فلور پر الگ الگ قرنطینہ ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے ہسٹری کے سبب آئسولیٹ کیے گئے پلیئرز 14دن آئسولیشن میں رہتے ہیں تو پاکستان شاہینز کی جانب سے پہلے چار روزہ میچ میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ محکمہ صحت کی جانب سے پاکستان ٹیم کو ٹریننگ کی تاحال اجازت نہیں دی گئی۔ توقع ہے کہ پاکستانی ٹیم کے53 اراکین کا چوتھا کورونا ٹیسٹ جمعرات کو ہوگا۔ منفی رپورٹ ملنے والے کرکٹرز جمعے سے پریکٹس شروع کرسکیں گے۔ پی سی بی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ نیوزی لینڈ آنے سے قبل کھلاڑیوں کو یہ مکمل صورتحال بتاکر آپشن دیا گیا تھا کہ وہ چاہیں تو نیوزی لینڈ کے دورے سے دستبردار ہوسکتے ہیں۔ انگلینڈ میں حارث سہیل نے یہ آپشن استعمال کیا تھا ۔ نیوزی لینڈ میں موجود پاکستانی کرکٹ اسکواڈ کے 42 ممبران کا تیسرا کوویڈ ٹیسٹ بھی منفی آیا ہے ۔ کرائسٹ چرچ میں اسکواڈ کی تیسری کووڈ ٹیسٹنگ پیر کو آمد کے چھٹے روز شیڈول کے مطابق ہوئی تھی۔ نیوزی لینڈ محکمہ صحت کی ترجمان نے بتایا کہ چھیالیس میں سے 42 کا تیسرا کووڈ 19 ٹیسٹ بھی منفی آیا ہے جبکہ تین کا ہسٹوریکل کا شبہ ہے ، ایک کا رزلٹ آنا باقی ہے۔ پریس ریلیز میں مشتبہ کیس پر تفصیل بیان نہیں کی تاہم ترجمان کا کہنا ہے کہ زیر تفتیش تین مشتبہ ہسٹورکل کیسز کے عبوری پی سی آر رزلٹ مثبت تھے ، مزید تفتیش کے بعد بدھ کو حتمی نتیجہ جاری کیا جائے گا۔ وزارت صحت نیوزی لینڈ کا کہنا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کے ایس او پیز فالو کرنے میں بھی بہتری آئی ہے۔ تاہم ابھی ٹریننگ کی اجازت نہیں ہے۔نئے تین کھلاڑی فی الحال اپنے ہی کمروں میں ہیں۔

تازہ ترین