• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرانسیسی اقدار اپنانے کیلئے مسلمانوں کو ریاستی دباؤ کا سامنا

پیرس (جنگ نیوز )فرانس کی مسلم کونسل رواں ہفتے صدر ایمانویل میکرون سے ملاقات کرنے جارہی ہے تاکہ ملک بھر کے اماموں سے دستخط کروانے کے لیے ’چارٹر آف رپلیکن ویلیوز‘ یا جمہوری اقدار کے چارٹر میں موجود نکات کی تصدیق کی جا سکے۔حکومت کی جانب سے فرینچ کونسل آف مسلم فیتھ (سی ایف سی ایم) جو مختلف مسلم انجمنوں کی نمائندگی کرتی ہے سے کہا گیا ہے کہ وہ اس چارٹر کے متن میں فرانس کی جمہوری اقدار کی پہچان، ایک سیاسی تحریک کے طور پر اسلام کو مسترد کرنے اور غیرملکی مداخلت پر پابندی کو بھی شامل کریں۔سی ایف سی ایم کے نائب صدر اور پیرس گرینڈ مسجد کے ریکٹر شمس الدین حافظ کا کہنا تھا کہ ’ہم سب اس چارٹر اور اس میں کیا کیا شامل ہو گا، پر متفق نہیں ہیں۔تاہم ان کا کہنا تھا کہ اسلام کے حوالے سے ہم فرانس میں ایک اہم تاریخی موڑ پر کھڑے ہیں اور ہم مسلمانوں کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس ہے۔اس منصوبے کے تحت سی ایف سی ایم فرانس میں اماموں کا ایک رجسٹر تیارکرے گی اور باضابطہ اجازت نامہ حاصل کرنے کے بدلے اماموں کو اس چارٹر پر دستخط کرنا ہوں گے۔فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے اکتوبر میں مسلمان رہنماؤں پر ’زیادہ دباؤ‘ ڈالنے سے متعلق بات کی تھی لیکن فرانس جیسے ملک میں جہاں ریاستی سیکولرازم ملکی شناخت کا مرکزی جزو ہے، یہ عمل مشکل ہو سکتا ہے۔ فرانس میں ایک اندازے کے مطابق 50 لاکھ مسلمان آباد ہیں یعنی مغربی یورپی ممالک میں سب سے زیادہ مسلمان فرانس میں رہتے ہیں۔

تازہ ترین