• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کیویز کے دیس میں پریکٹس کو ترستے پاکستانی کرکٹرز انٹرا اسکواڈ میچ کھیلیں گے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کیویز کے دیس پہنچنے کے بعد سے پاکستانی کرکٹرز ٹریننگ اور پریکٹس کو ترس گئے ہیں۔اب پاکستان شاہینز اور نیوزی لینڈ اے کے درمیان چار روزہ میچ کی جگہ اب پاکستانی کرکٹ ٹیم کوئنز ٹاؤن میں انٹرا اسکواڈ میچ کھیلے گی۔ ٹیم 15 دسمبر کو کوئنز ٹاؤن سے آکلینڈ روانہ ہوگی۔ کوئنز ٹاؤن پہنچنے پر قومی کرکٹ ٹیم اور پاکستان شاہینز کا اسکواڈ علیحدہ علیحدہ ہوٹل میں قیام کرے گا۔ نیوزی لینڈ کرکٹ کے ترجمان رچرڈ بروک نے بتایا کہ پی سی بی کا رابطہ ہوا تھا اور نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ معاملہ کو اچھی طرح سمجھتا ہے اس لئے وہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی رائے کا احترام کرتا ہے۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 18 دسمبر کو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان شاہینز اور نیوزی لینڈ اے کے مابین واحد چار روزہ میچ 17 دسمبر سے شروع ہوگا۔ پاکستان شاہینز کا اسکواڈ 14 دسمبر کو کوئنز ٹاؤن سے وانگرائے روانہ ہوجائے گا۔ پاکستان شاہینز اور نیوزی لینڈ اے کے درمیان ہونیوالے پہلا چار روزہ میچ باہمی مشاورت کے بعد منسوخ کرنے کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔ کرکٹ نیوزی لینڈ کا کہنا ہے کہ منیجڈ آئسولیشن میں کھلاڑیوں کی پریکٹس میں تاخیر کی وجہ سے پی سی بی نے میچ کی تاریخوں میں تبدیلی یا منسوخی کی درخواست کی تھی۔ پاکستان شاہینز سمیت قومی اسکواڈ میں شامل تمام ارکان 8 دسمبر کو کوئنز ٹاؤن روانہ ہوں گے۔کوئنز ٹاؤن روانگی کے لیے اسکواڈ میں شامل ہر رکن کو انفرادی طور پر نیوزی لینڈ کی وزارت صحت کی منظوری درکار ہوگی۔ پاکستانی ٹیم کے تمام ارکان اس وقت کرائسٹ چرچ میں اپنی آئسولیشن کی مدت مکمل کررہے ہیں۔ 8 ارکان کے کوویڈ 19 ٹیسٹ کی رپورٹ مثبت آئی ہیں۔

تازہ ترین