دنیا کی تمام امیر ترین شخصیات نے مختلف قسم کے کاروبار شروع کرکے اربوں کمائے اور غیر معمولی جائیدادیں بنائیں لیکن یہ بات جان کر سب کو حیرانی ہوگی کہ اس دنیا میں ایک ایسا امیر شخص بھی ہے جس کی آمدن کا بنیادی ذریعہ کرایہ ہے۔
تھائی لینڈ کے بادشاہ مہا وجیرالونگ کورن کو ان کی دولت اور دیگر اثاثوں کی وجہ سے دنیا بھر میں سب سے امیر ترین بادشاہ تسلیم کیا جاتا ہے۔
ایک اندازے کے مطابق کنگ راما ایکس کی کل دولت تقریباً 50 بلین ڈالرز ہے۔
کنگ راما ایکس کے زیادہ تر اثاثوں کی دیکھ بھال کراؤن پراپرٹی بیورو کرتا ہے جس کا کنٹرول 2018ء میں براہ راست بادشاہ کے کنٹرول میں دے دیا گیا تھا۔
تھائی لینڈ کے بادشاہ کی زیادہ تر جائیداد تھائی لینڈ میں واقع ہے جس کے کرائے سے اربوں کی سالانہ آمدنی ہوتی ہے۔
ایک اندازے کے مطابق کنگ راما ایکس تھائی لینڈ میں تقریباً 6,560 ہیکٹر کے مالک ہیں اور اُنہوں نے اپنی 40 ہزار سے زیادہ جائیدادیں لیز پر دی ہوئی ہیں جن میں سے 17 ہزار سے زیادہ جائیدادیں بنکاک میں واقع ہی۔
بنکاک میں موجود ان کی جائیدادوں میں ہوٹل، تجارتی عمارتیں، محلات اور ریزورٹ شامل ہیں۔
علاوہ ازیں، یہ بادشاہ تھائی لینڈ کے دوسرے سب سے بڑے بینک سیام کمرشل بینک کے تقریباً 23 فیصد اور تھائی لینڈ کے سب سے بڑے ادارے سیام سیمنٹ گروپ کے 33 فیصد شیئرز کے مالک ہیں اور یہ اہم سرمایہ کاری کنگ راما ایکس کی آمدنی کا ایک اہم حصہ ہے۔
تھائی لینڈ کے بادشاہ کے پاس 38 جیٹ طیارے اور 300 سے زیادہ لگژری کاریں ہیں جن میں رولز رائس، بینٹلے اور مرسڈیز جیسی کاریں شامل ہیں۔
ان کے لگژری اثاثوں میں 52 سونے کی کشتیاں، سونے اور چاندی کے زیورات اور ہیرے، جواہرات بھی شامل ہیں۔