اسلام آباد(نمائندہ جنگ)چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ کورونا کے باوجود سی پیک کے تمام منصوبے آگے بڑھ رہے ہیں،کسی سی پیک منصوبے کا تعمیراتی کام معطل نہیں کیا گیا، انٹرنیشنل انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ اینڈ کنسٹرکشن فورم سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سی پیک بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کا ایک اہم پائلٹ پراجیکٹ ہے۔ گزشتہ پانچ برسوں میں سی پیک کے فریم ورک کے تحت 22 تعمیراتی منصوبے مکمل ہوئے۔ ان مکمل منصوبوں میں سڑکیں، ریلوے، ہوائی اڈے، تھرمل، پن، قابل تجدید توانائی، گوادر پورٹ اور خصوصی اقتصادی زون شامل ہیں۔ دریں اثنا چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ہوا چونئنگ نے کہا کہ کوویڈ کے بعد سی پیک منصوبے آگے بڑھے جو پاکستان کی معاشی نمو سمجھنے کیلئے اہم ہیں۔