• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ کے جھوٹے دعوے سے نیوزی لینڈ کے لوگ ناراض

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ — اسکرین گریب
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ — اسکرین گریب

نو منتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تقریبِ حلف برداری کے دوران کیے گئے ایک جھوٹے دعوے پر نیوزی لینڈ کے لوگ ناراض ہو گئے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے تقریبِ حلف برداری میں اپنے خطاب کے دوران امریکا کی کامیابیاں گنواتے ہوئے یہ دعویٰ بھی کیا کہ امریکی ماہرین نے دنیا میں سب سے پہلے ایٹم کو توڑا۔

اُنہوں نے کہا کہ امریکیوں نے بے ہنگم بیابانوں کی ناہموار سر زمین سے ہزاروں میل کا فاصلہ طے کیا۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ امریکا نے صحراؤں کو عبور کیا، پہاڑوں کو پیوست کیا، ان کہے خطرات کا مقابلہ کیا، مغرب کو فتح کیا، غلامی کا خاتمہ کیا، لاکھوں لوگوں کو ظلم سے نجات دلوائی، اربوں لوگوں کو غربت سے نکالا، بجلی کا استعمال کیا، ایٹم کو توڑا، بنی نوع انسان کو آسمانوں میں داخل کیا اور کائنات کے علم کو انسان کی ہتھیلی پر رکھ دیا۔

یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ ایٹم کو توڑنے اور نیوکلیئس دریافت کرنے کا اعزاز ماہرِ طبیعیات سر ارنیسٹ ردرفورڈ کے پاس ہے اور ان کا تعلق امریکا سے نہیں بلکہ نیوزی لینڈ سے ہے۔

اُنہوں نے انگلینڈ کی وکٹوریہ یونیورسٹی آف مانچسٹر میں 1917ء میں یہ تاریخی کارنامہ انجام دیا تھا۔

نیوزی لینڈ کے شہر نیلسن جہاں ارنیسٹ ردرفورڈ نے پرورش پائی، اس شہر  کے میئر نک اسمتھ نے ڈونلڈ ٹرمپ کے اس دعوے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں اس بات پر تھوڑا حیران ہوں کہ نئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حلف برداری کی تقریب میں اپنے خطاب کے دوران یہ دعویٰ کیا کہ امریکیوں نے دنیا میں سب سے پہلے ایٹم کو توڑا جب کہ یہ اعزاز نیلسن شہر کے سب سے مشہور اور پسندیدہ بیٹے سر ارنیسٹ ردرفورڈ کے پاس ہے۔

اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ میں نیوزی لینڈ میں امریکی سفیر کو مدعو کروں گا اور اُنہیں برائٹ واٹر میں لارڈ ردرفورڈ کی یادگار کے دورے پر لے کر جاؤں گا تاکہ ہم اپنے تاریخی ریکارڈ کو برقرار رکھ سکیں۔

یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے پہلی بار یہ دعویٰ نہیں کیا کہ امریکا نے دنیا میں سب سے پہلے ایٹم کو توڑا ہے اور نہ ہی نیوزی لینڈ کے عوام نے پہلی بار اس پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔

امریکی صدر نے 2020ء میں بھی یہ دعویٰ کرکے کیویز کو ناراض کیا تھا۔

خاص رپورٹ سے مزید