• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چھوٹو اسکے ساتھی اور بیوی بچے تحویل میں لے لئے،3 گینگ باقی ہیں ختم کرکے دم لیں گے

راولپنڈی،ملتان (ایجنسیاں،نمائندگان) پاک فوج کے ترجمان نےعزم کااظہارکیاہےکہ نوگوایریاختم ہونےتک کارروائی جاری رہےگی ‘حساس ادارے چھوٹو سے تفتیش کریں گے‘چھوٹو‘اس کے ساتھیوں  اور بیوی بچوں کو تحویل میں لے لیاگیاہے‘ابھی علاقے میں تین گینگ باقی ہیں جنہیں ختم کرکے دم لیں گے ‘ کچے میں نوگوایریازموجودتھے اس لئے نوبت یہاں تک پہنچی اور وہاں جانا پڑا‘پاک فوج نے آپریشن ضرب آہن بغیر کسی نقصان کے مکمل کرلیا ہے ‘چھوٹو سمیت 13ڈاکوؤں نے غیر مشروط طور پر پاک فوج کے سامنے سرنڈر کیا ہے‘ یرغمال بنائے گئے 24پولیس اہلکاروں کو جزیرے سے کشتیوں کے ذریعے بحفاظت بازیاب کرالیا گیا ہے‘ ہر نوگو ایریا ‘ دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کےلئے پاک فوج آپریشن کررہی ہے‘ ایسے عناصر کو کہیں بھی چھپنے نہیں دیں گے‘ تفتیش مکمل ہونے تک چھوٹو گینگ حساس اداروںکے پاس ہی رہے گا۔ وہ بدھ کی سہ پہر جی ایچ کیو راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے ڈائریکٹرجنرل لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ چھوٹو گینگ کےسرغنہ غلام رسول عرف چھوٹواوراس کے 12ساتھیو ں نے ہتھیار ڈال دیئے اور وہ تحویل میں ہیں ،چھوٹو حساس اداروں کے پاس ہے ، ان سے مکمل تحقیقا ت کی جا ئینگی تمام مغویوں کوبحفاظت بازیاب کروالیا گیا ہے،آپریشن ضرب آہن بغیر کسی نقصان کے کامیابی سے مکمل ہو گیا ہے،انہوں نے کہا کہ چیف آف آرمی سٹاف نے آپریشن کمانڈر کو ہدایات دی تھیں کہ آپریشن کے دوران کوئی جانی نقصان نہیں ہونا چاہئے اور آپریشنل فور سز نےپوری کوشش کی کہ ان ہدایات پر مکمل عمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کچے میں آپریشن تمام ڈاکوئوں کے خاتمے تک جاری رہے گا۔ انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ ملک بھر میں نوگوایریاز ختم کئے جائینگے اور کسی دہشتگرد یا جرائم پیشہ شخص کو نہیں چھوڑا جائیگا‘ علاقےمیں بڑے بڑے بنکر بنے ہوئے ہیں جنہیں صاف کرنا ہے، گینگ کے تمام ڈاکوؤں کے پکڑے جانے تک گھیراؤ جاری رہے گا،انہوں نے کہا کہ چھوٹو گینگ کے اہلخانہ کوکچا جمال کے جزیرے سے بحفاظت نکال لیا ہے۔چھوٹو گینگ کے اہلخانہ میں 24خواتین، 44بچے اور 4ضعیف العمرافراد شامل ہیں جن کا کا مکمل خیال رکھا جا رہا ہے،فوجی ترجمان نےواضح کیاکہ چھوٹو گینگ نے غیر مشروط طور پر ہتھیار ڈالے، چھوٹو حساس اداروں کے پاس ہے،جہاں پر اس سے مکمل تفتیش کی جائے گی۔ گینگ کے تمام ڈاکوؤں کے پکڑے جانے تک گھیراؤ جاری رہے گا اور ڈاکوؤں کے تمام ٹھکانوں کامکمل طور پرصفایاکرینگے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ملک میں کہیں بھی نوگوایریا ہو اتواسے ختم کریں گے، آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کامیاب آپریشن پر مبارکباد دی ہے۔ چھوٹو اور اسکےساتھیوں  نےٹھٹ پتن کے مقام پر ہتھیار ڈالے اسکےساتھ 10 خواتین اور15 بچے بھی کشتی پر آئے ‘کور کمانڈر ملتان اور آئی جی پنجاب سمیت دیگر اعلیٰ عسکری و پولیس حکام سارا دن سونمیانی میں موجود رہےاور آپریشن  کی نگرانی کرتے رہے،چھوٹو اور دیگر کو بیس کیمپ 4پر منتقل کیا گیاجہاں سےچھوٹوا ور اسکے12 ساتھیوں کو سکیورٹی فورسز نے نامعلوم مقام پرمنتقل کیاجبکہ اسکے ساتھ آنے والے دیگر افراد کو پنجاب پولیس کی تحویل میں دیدیا گیا۔تازہ ترین اطلاع کے مطابق فورسز علاقہ میں سرچ آپریشن میں مصروف ہیں اس دوران ان پر کچہ جمال میں موجود دیگر جرائم پیشہ گروہوں کی جانب سے فائرنگ کی گئی جسکے بعد علاقہ میں شدید لڑائی جاری ہے دوسری جانب چھوٹو کیساتھ آنے والے بچوں کو آرمی کی جانب سے تحائف بھی دئیےچھوٹو گینگ کی پشت پناہی کرنے والےوڈیروں اورانکےسہولت کاروں کی فہرستیں مرتب کی گئی ہیں اوراس بارے میں وسیع پیمانے پر پوچھ گچھ،کا سلسلہ جاری ہے ۔معلوم ہوا کہ کچے میں ڈاکوئوں نے میلوں پرخفیہ سرنگیں اور پختہ بینکرزبھی بنا رکھے تھے۔ پورے علاقے کی مکمل تلاشی میں کئی روز لگیں گے ۔ فوج کی کارروائی کے دوران چھوٹو گینگ کے قبضے سے بڑی مقدار میں بھارتی اسلحہ بھی برآمد ہوا جس کو تحویل میں لیا گیاہے چھوٹو گینگ کے تمام ارکان کو طبی معائنے کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں سے پولیس حکام انہیں معائنے اور علاج کے بعد تفتیش کیلئے اپنے ساتھ لے جائیں گے۔ملزمان سے مزید پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ رہا کیے گئے پنجاب پولیس کے 24اہلکار خیریت سے ہیں جنہیں سونمیانی میں قائم کیے گئے ہیڈ کوارٹر پہنچا دیا گیا جہاں سے وہ ضروری کارروائی کے بعد اپنے گھروں کو روانہ ہوں گے۔چھوٹو گینگ کے ہتھیار ڈالنے اور پولیس اہلکار کی بازیابی پر علاقے میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ،لوگوں نے بھنگڑ ے ڈالے اورپاک فوج زندہ باد کے نعرے لگائے۔یر غمال پولیس اہلکاروں کی رہائی کا سن کر آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا ،ڈی پی او رحیم یار خان ،ڈی پی او راجن پور غلام مبشر مکین سمیت اعلی آفسران روجھان کے علاقہ سونمیانی میں پہنچ گئے ہیں پاک فوج کے جوانوں نے رہااہلکاروں کو سونمیانی میں کھانا بھی کھلایا ۔ذرائع کے مطابق ڈاکو ؤ ں کو سرنڈر کرانےمیں سابق ایم این اے سردار سلیم جان مزاری اور سردارشمشیرخان مزاری نےاہم کردار ادا کیا ہے۔
تازہ ترین