• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ب فارم جاری نہ ہونے کیخلاف طالبہ کی درخواست پر سماعت

سندھ ہائیکورٹ میں ب فارم جاری نہ ہونے کے خلاف طالبہ کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس محمد علی مظہر نے  ب فارم جاری نہ ہونے کے خلاف طالبہ کی درخواست پر سماعت کی، اس دوران عدالت کی جانب سے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے  نادرا، میٹرک بورڈ آفس، سندھ حکومت اور دیگر سے جواب طلب کرلیا گیا۔

دوران سماعت درخواست گزار ماہم رحمان کا عدالت میں کہنا تھا کہ والدین دنیا میں نہیں، تعلیم جاری رکھنا چاہتی ہوں۔

جس پر جسٹس محمد علی مظہر نے  حکم  دیتے ہوئے  کہا کہ بچی کے امتحان کا معاملہ ہے، نادرا فوری جائزہ لے۔

وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ نادرا نے ب فارم جاری نہیں کیا میٹرک بورڈ نے ایڈمٹ کارڈ روک دیا، ایڈمٹ کارڈ جاری کرنے کی 15 دسمبر کو آخری تاریخ ہے۔

وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ  بچی کا کوئی وارث نہیں مختلف رشتہ داروں کے گھر میں رہتی ہے، بچی جب 3 ماہ کی تھی تو والد اور 3 برس کی تھی تو والدہ کا انتقال ہوگیا تھا۔

وکیل درخواست گزار نے عدالت کو بتایا کہ نادرا نے والدین کے بغیر ب فارم جاری کرنے سے انکار کردیا ہے۔

سماعت کے دوران وکیل درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ ماہم رحمان کو ب فارم اور ایڈمٹ کارڈ جاری کرنے کا حکم دیا جائے۔

تازہ ترین