اسلام آباد (ایجنسیاں)معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل نے کہاہے کہ احسن اقبال کرپشن چارجز کی جوابدہی کے بجائے گٹھ جوڑ کی بین بجارہے ہیں۔شہباز گِل نے احسن اقبال کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اسپورٹس سٹی میں اختیارات کا ناجائز استعمال ان کے نزدیک جرم ہی نہیں‘ڈی جی اخترگنجیرا کو منصوبے کا غیرقانونی طور پراجیکٹ ڈائریکٹر لگایا گیا‘اسپورٹس سٹی منصوبے کی بھارتی سرحد سے 800 میٹر دور تعمیر سکیورٹی رسک ہے۔احسن اقبال نے صوبائی حکومت کے منصوبے کو ہائی جیک کرکے اضافی فنڈ خرچ کیے‘موصوف نے تمام قوانین توڑے اور سیاسی مفادات کیلئے کروڑوں کا پراجیکٹ اربوں تک پہنچایا۔دریں اثناءمریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ڈاکٹر شہباز گل کاکہناتھاکہ آدھے مفرور آدھے ضمانتی استعفیٰ لینے کی بات کرتے ہیں، پی ڈی ایم کی شناخت کرپشن زدہ ٹولے سے زیادہ کچھ نہیں، لوٹ مار کے سوال پر کانپتی ٹانگیں پوری دنیا دیکھ چکی۔ پی ڈی ایم کے ناکام جلسے آپ کے پِٹے ہوئے بیانیے کا مظہر ہیں۔علاوہ ازیںڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کورونا پھیلائو میں اضافہ کرکے سیاسی فائدہ اٹھانے کیلئے افراتفری پھیلنے جیسے حالات چاہتی ہے ۔