• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سلیکٹڈ ٹولہ آج ہچکولے کھا رہا ہے، ڈر و خوف میں مبتلا ہے، مریم اورنگزیب

پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ سلیکٹڈ ٹولہ آج ہچکولے کھا رہا ہے، ڈر و خوف میں مبتلا ہے، سلیکٹڈ ٹولہ کی ترجیح ہے کہ شہباز شریف کو ڈاکٹر تک رسائی نہ دی جائے۔

 مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں حکومت پر تنقید اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ  شہباز شریف کو عمران خان کے حکم پر ڈاکٹر تک رسائی نہیں دی گئی، عمران خان شہباز شریف کی فائلیں اپنی ٹیبل پر رکھتے ہیں، عمران خان کی ٹیبل پر پاکستان کو ترقی دینے کی کوئی فائل نہیں، سلیکٹڈ اور ڈرپوک جب کرسی پر بیٹھتا ہے تو ٹیبل پر شہباز شریف کی فائل ہوتی ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ بجلی آٹا چور کی ترجیح صرف شہباز شریف پر نیب گردی ہے،  نیب کو استعمال کر کے شہباز شریف پر جھوٹے الزامات لگائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپ کی سفاکیت کی انتہا پاکستان کی عوام دیکھ رہی ہے،  آپ نے جو الزامات لگائے ہم عدالت میں پیش ہوئے،  کسی کی مثال نہیں ملتی جو روز کی بنیاد پر عدالت گیا ہو،  جھوٹے الزامات کے باوجود عدالت کا سامنا کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ چھپ چھپ کر ٹی وی لگا کر مریم نواز کی ریلی دیکھتے ہیں، کرائے کے ترجمان جمناسٹک کر رہے ہیں، عمران خان تعریف کر رہے ہیں، آپ منہ پر ہاتھ پھیریں، ترجمان گالیاں دیں۔

انہوں نےکہا کہ وزیراعظم جلسہ میں کرسیاں لگانے پر ایف آئی آر کاٹنے کی دھمکی دیتا ہے، آپ ایف آئی آر کاٹنے کا ریکارڈ بنائیں، ہم کرسیاں لگانے کا ریکارڈ قائم کریں گے۔

مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عوامی طاقت 13 دسمبر کو آپ کے جانے کا سبب بنے گی، جن لوگوں نے آپ کو ووٹ دیئے، وہ ہاتھ جوڑ کر معافی مانگتے ہیں، لوگ آپ کو بددعائیں اور نواز شریف کو جھولی اٹھا کر دعائیں دیتے ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ، مالم جبہ، بلین ٹرین اور آٹا چینی میں مفرورسے کوئی پوچھنے والانہیں۔

مریم اورنگزیب کا جہانگیر ترین سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جہانگیر ترین پر ایف آئی آر کہاں گئیں، جہانگیرترین کوجہاز کے ذریعہ بھگا دیا، جہاز کے ذریعہ بلا لیا، ایف آئی آر کا کچھ پتہ نہیں۔

مریم اورنگزیب نے حکومت پر مزید تنقید کرتے ہوئے مزید کہا کہ عوامی مینڈیٹ لانے والا منہ پر ہاتھ پھیر کر دھمکی نہیں دیتا،  عوامی مینڈیٹ لانے والا قائدحزب اختلاف کو جیل میں نہیں ڈالتا،  عوامی مینڈیٹ لانے والا 14 ہزار میگاواٹ بجلی لے کر آتا ہے،  عوامی مینڈیٹ لانے والا اسپتال، اسکول بناتا ہے، عوامی مینڈیٹ لانے والا مفت دوائیں بند نہیں کرتا۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عوامی مینڈیٹ لانے والے کو امپائر کی انگلی اور دھکے کی ضرورت نہیں ہوتی،  دھکے کی بی آر ٹی بھی نہیں چلتی اور دھکے کی حکومت بھی نہیں چلتی، حکومتی ترجمانوں کے بیانوں کا عدالت کو نوٹس لینا چاہیے۔

مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ  عدالتی کارروائی میں مداخلت توہین عدالت ہے، حتمی حکمت عملی کے لیے پی ڈی ایم کے تمام سربراہان آج اسلام آباد میں بیٹھیں گے۔

تازہ ترین