• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمارے پاس استعفوں کے انبار لگ گئے ہیں، مریم نواز




مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ آج فیصلہ کیا ہے پی ڈی ایم جماعتیں اپنی قیادت کےپاس استعفےجمع کرا دیں،مسلم لیگ نون 13 دسمبر کے بعد استعفے لے گی۔

مریم نواز پی ڈی ایم کے لاہور جلسے کی عوامی رابطہ مہم ریلی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ  مسلم لیگ نون نے باضابطہ اپنی جماعت کو استعفوں کےلئے نہیں کہا، لیکن ہمارے پاس استعفوں کے انبار لگ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈی جے بٹ کی گرفتاری اور تشدد کی مذمت کرتے ہیں، عمران خان کا مقابلہ نوازشریف سے نہیں ڈی جے بٹ سے ہے،جبکہ نوازشریف کا مقابلہ عمران خان سے نہیں بلکہ انہیں لانے والوں سے ہے۔

مریم نواز ما مزید کہنا تھا کہ نواز شریف نے کہہ دیا تھا انکا مقابلہ بچوں اور سیاسی بونوں سے نہیں،یہ حکومت جلد ہی انجام کو پہنچے گی۔

عمران خان ڈھائی سال سےنون لیگ، پی ڈی ایم سےہاتھ جوڑ کر این آر او مانگ رہے ہیں۔

مریم نواز کی ریلی سے قبل بڑی تعداد میں مسلم لیگ نون کے کارکنان جاتی امراء پہنچے، ریلی سے قبل گھوڑوں کا رقص پیش کیا گیا، جبکہ ریلی کے خیر مقدم کیلئے شہر کے مختلف علاقوں میں کیمپ لگائے گئے ہیں۔

نون لیگ کی ریلی مریم نواز کی قیادت میں جاتی امراء سے براستہ رنگ روڈ گجو متہ پہنچے گی ، جہاں سے یہ یوحنا آباد اور غازی روڈ سے ہوتی ہوئی نصیر آباد پہنچے گی ۔

لاہور میں شنگھائی برج کے قریب مریم نواز ریلی سے خطاب کریں گی، اس کے بعد ریلی مزنگ چونگی، لکشمی چوک، گوالمنڈی سے ہوتی ہوئی لوہاری پہنچے گی۔

مریم نواز کا دوسرا خطاب اچھرہ میں اورتیسرا خطاب لوہاری میں ہوگا، ذرائع کے مطابق مریم نواز داتا دربار پر حاضری بھی دیں گی۔

واضح رہے کہ حکومت مخالف اتحاد پی ڈی ایم کے 13 دسمبر لاہور کے جلسے کیلئے مریم نواز کی جانب سے عوامی رابطہ مہم کی آج لاہور میںیہ دوسری ریلی ہے۔

تازہ ترین