• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فرانس: قانون کی خلاف ورزی پر گوگل، ایمیزون پر 26 ارب کا جرمانہ

فرانس میں اس کے قانون کی خلاف ورزی کرنے پر بڑی ٹیکنالوجیکل کمپنیوں گوگل اور ایمیزون پر مجموعی طور پر 16 کروڑ 30 لاکھ امریکی ڈالر (26 ارب پاکستانی روپے سے زائد) کا جرمانہ عائد کردیا۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یہ جرمانہ فرانس کے ڈیٹا حفاظتی ادارے سی این آئی ایل کی جانب سے عائد کیا گیا ہے۔ 

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان دونوں کمپنیوں پر یہ جرمانہ فرانس کے ڈیٹا پروٹیکشن لا کی خلاف ورزی کی وجہ سے عائد کیا گیا ہے۔ 

گوگل پر 12 کروڑ 10 لاکھ امریکی ڈالر (19 ارب 41 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے) جبکہ ایمیزون پر 4 کروڑ 20 لاکھ امریکی ڈالر (6 ارب 73 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے) کا جرمانہ عائد کیا گیا۔ 

سی این آئی ایل کے مطابق یہ جرمانے ان کمپنیوں کی جانب سے صارفین کو مطلوبہ معلومات فراہم نہ کرنے اور ان سے اجازت لیے بغیر ان کے کمپیوٹر براؤزرز میں اشتہارات کی کوکیز لگانے پر عائد کیے گئے۔


فرانسیسی ریگولیٹر کے اس فیصلے پر ایمیزون کے ترجمان کا کہنا تھا کہ کمپنی سی این آئی ایل کے اس فیصلے کو مسترد کرتی ہے۔ 

اس نے کہا کہ ہماری رازداری پالیسی مسلسل اپڈیٹ ہوتی رہتی ہے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ ہم اپنے صارفین اور ریگولیٹر کی تمام امیدیں و ضروریات پوری ہوں جبکہ جس ملک میں ہم کام کر رہے ہیں وہاں کہ قوانین کی مکمل تعمیل ہو۔

دوسری جانب گوگل نے بھی فرانسیسی ریگولیٹر کو آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ وہ لوگوں تک معلومات کی فراہمی کی کوششوں کے لیے پُرعزم ہے۔ 

ترجمان گوگل کا کہنا تھا کہ فرانسیسی ریگولیٹر کے آج کے فیصلے میں گوگل کی کوششوں کو نظر انداز کیا گیا اور یہ فیصلہ اس بات کا محاسبہ نہیں کرتا کہ فرانسیسی قوائد و ضوابط غیر یقینی ہیں۔ 

تازہ ترین