• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

13 دسمبر جلسے کا نہیں فیصلے کا دن ہے: مریم نواز

مسلم لیگ نون کی نائب صدر اور سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کہتی ہیں کہ 13 دسمبر جلسے کا نہیں فیصلے کا دن ہے۔

لاہور سے جاری کیئے گئے ایک ویڈیو پیغام میں مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ مینارِ پاکستان پر حق اور سچ پر کھڑے لوگوں نے قرارِداد منظور کی تھی۔

انہوں نے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اسی مینارِ پاکستان کے مقام پر حق اور سچ پر کھڑے ہو کر آپ انشاء اللّٰہ ایک نئی تاریخ رقم کریں گے۔


مریم نواز نے کہا کہ آپ نے اپنے حق کے حصول یا پھر موجودہ بدترین حالات سے سمجھوتے کا فیصلہ کرنا ہے۔

نون لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ آپ نے مہنگائی میں اضافے، معیشت کی بدحالی، آٹے اور چینی کی چوری کےخلاف فیصلہ دینا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ نے کشمیر پر قبضے، جھوٹے مقدمات اور اظہارِرائے کی پابندی کے خلاف فیصلہ دینا ہے۔



سابق وزیرِ اعظم کی صاحبزادے نے کہا کہ آپ نے پی ڈی ایم کے جلسوں پر ہونےوالے جبر کو اپنے جذبۂ عظیم سے شکست دی ہے۔

نائب صدر مسلم لیگ نون نے مزید کہا کہ گھروں سے نکلیں، بھرپور آواز اٹھائیں اور اپنے فیصلے پر مہرِ تصدیق ثبت کر دیجیئے، جعلی حکمرانوں کو بتا دیجیئے کہ جبر کی رات کٹ چکی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اب ان شاء اللّٰہ ایک آزاد صبح ہونے کو ہے، ہمارا یہ سفر ہم سب کو نجات کی منزل تک لے کر جا رہا ہے، آپ سے اب 13 دسمبر کو مینارِ پاکستان میں ملاقات ہو گی، آپ کی منتظر رہوں گی۔

تازہ ترین