• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم نواز کی ریلی کیخلاف 4 تھانوں میں مقدمات درج


مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز سمیت دیگر کیخلاف ریلی نکالنے جانے پر اچھرہ، گوالمنڈی، مزنگ اور لوہاری تھانے میں 4 مقدمات درج کر لئے گئے، درج مقدمات میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی، روڈ بلاک، اشتعال انگیز تقاریر کی دفعات شامل ہیں۔

پولیس کی جانب سے ایف آئی آر 6 نامزد اور 50 سے 60 نامعلوم افراد کے خلاف درج کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق گوالمنڈی پولیس نے پٹواری ظفر عباس کی مدعیت میں دو مقدمات درج کیے، ایف آئی آر میں فیصل، چوہدری ارشد، عامر خان، عرفان بٹ کو نامزد کیا گیا ہے، جبکہ ایف آئی آر میں 100 سے زائد نامعلوم لیگی کارکنوں کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔

ایک مقدمہ ہوٹل کے مالک کے خلاف بھی درج کیا گیا ہے، اس ہوٹل میں مریم نواز اور دیگر لیگی رہنماؤں نے کھانا کھایا تھا، مقدمے میں روڈ بلاک، اشتعال انگیز تقاریر، ساؤنڈایکٹ کی خلاف ورزی کی دفعات شامل ہیں۔

لوہاری گیٹ میں مقدمہ پٹواری ملک مبشر کی درخواست پر درج کیا گیا، مقدمے میں ساؤنڈ سسٹم فراہم کرنے والے عبدالرحمٰن کو بھی نامزدکیا گیا ہے، اس میں مریم نواز، کاشف گجر، محمد طارق اور محمد جاوید کو نامزد کیا گیا ہے۔

مزنگ پولیس کے مقدمے میں مریم نواز سمیت 200 سے زائد کارکن نامزد ہیں، پولیس نے مقدمہ پٹواری شاہ نواز کی درخواست پر درج کیا ہے جبکہ اچھرہ میں مقدمہ سرکاری اہلکار محمد منشا کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔


تازہ ترین