کراچی کےعلاقے گولیمار سے ڈینئل پرل قتل کیس میں ملوث سعود میمن کا ساتھی عبد الرحمن عرف سندھی پکڑا گیا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں چھاپوں کے دوران 6افراد کو حراست میں لے لیا گیا اور فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوا ہے۔
حساس ادارے اور پولیس نے کراچی کے علاقے گولیمار میں مشترکہ کارروائی کی، جس میں ڈینیل پرل قتل کیس میں ملوث سعود میمن کا ساتھی عبد الرحمن عرف سندھی کو گرفتار کر لیا۔ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ملزم کا تعلق القاعدہ سے ہے اور وہ اسامہ اور ملا عمر سے بھی ملاقات کر چکا ہے۔
دوسری جانب نیو کراچی میں محکمہ انسداد دہشت گردی نے ٹارگٹڈ کارروائی میں 2مشتبہ افراد کوحراست میں لیا۔ کارروائی اورنگی ٹاون میں پولیس اہلکاروں کے قتل میں ملوث ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی۔
ادھر لائنز ایریا میں بھی قانون نافذ کرنے والے ادارے نے کارروائی کی، جس میں 2مشتبہ افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایسی ہی کارروائی لیاقت آباد نمبر7 میں بھی کی گئی، جس میں مزید 2افراد حراسات میں لیے گئے،جبکہ صدر میں چھاپہ مارکرگینگ وارکےملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔
5 روز قبل کیماڑی سے گرفتار ملزم وحید مغل کو تفتیش کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے نے پریڈی تھانے پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔ ملزم نے دوران تفتیش انکشاف کیا ہے کہ وہ بھتے کے لئے فشریز کے ملازمین اور ماہی گیروں کو گینگ وار کے ذریعے اغوا کراتا تھا۔