لاہور (وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ لاہور بنچ نےسابق وزیر اعظم آزاد کشمیرسردار سکندر حیات کی پوتی لالہ رخ حیات کے خاوند کوجعلی دستخظ کرکے زمین اپنے نام منتقل کرنے کے کیس میں بیوی سےمصالحت کیلئے آج تک کی مہلت دیدی،جسٹس منظوراحمد ملک کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے لالہ رخ حیات کی درخواست پر سماعت کی، درخواست گذار کے وکیل احسن بھون نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ لالہ رخ حیات کے خاوند اسلم حیات قریشی نے بیوی کے جعلی دستخط کرکےساڑھے تین مربع زمین بمعہ کوٹھی کی ملکیت اپنے نام منتقل کروالی، پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی رپورٹ میں دستخط جعلی ثابت ہوچکے ہیں ، عدالت تمام جعلی انتقالات کو منسوخ کرنے کا حکم دے،عدالت کے استفسار پر فرانزک آفیسر نےدستخط جعلی قرار دے دئیے،عدالت نے اسلم حیات قریشی کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس د ئیے آپ میاں بیوی ہیں آپ کو مصالحت کرنے کیلئے ایک دن کا وقت دیتے ہیں فیصلہ کرلیں ورنہ ہم آج میرٹ پر کیس کا فیصلہ کردیں گے۔سماعت کے بعد لالہ رخ حیات نے بتایا میرا حق چھینا جارہا ہے، طویل عرصہ سے کوئی خرچ بھی نہیں دیا جارہا ہےجو بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے، اسلم حیات قریشی ماتحت عدالتوں سے اس حوالے سے تمام کیس ہار چکے ہیں، دیوانی عدالت سےرہائشی گھر کا حکم امتناعی حاصل کیا ہوا ہے ، مجھے کیس واپس لینے اورانکی شرائط پر صلح کرنے کا دبائو ڈالا جارہا ہے، اس کے ساتھ ساتھ قتل کرنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں،عدالت سے جعلی انتقالات خارج کرنے اور اراضی کا قبضہ دلانے کی اپیل کی ہے۔