• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوغلے رویوں پر کہیں بھی فہد مصطفیٰ یا ہانیہ عامر کا نام نہیں لیا: نعیمہ بٹ








نعیمہ بٹ نے ساتھی اداکاروں کی غیر یقینی اور دوغلے رویوں پر ایک بار پھر کھل کر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں نے کہیں بھی فہد مصطفیٰ یا ہانیہ عامر کا نام نہیں لیا، میں نے صرف اپنے ذاتی تجربے کو بیان کیا۔

پاکستانی اداکارہ نعیمہ بٹ نے ڈرامہ سیریل کبھی میں کبھی تم میں پُر اعتماد رباب منصور خان کا کردار ادا کیا، جو اس ڈرامے کی سب سے بڑی جھلکیوں میں سے ایک رہا، ان کی شاندار اداکاری نے مرکزی کرداروں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا اور ناظرین بے صبری سے دیکھ رہے تھے کہ وہ عدیل کے باب کو کیسے مکمل کرتی ہیں۔

ڈرامے کی کامیابی کے بعد نعیمہ بٹ کو بے پناہ محبت ملی اور وہ کئی شوز میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں انہوں نے سیٹ پر اپنے تجربات کھل کر شیئر کیے۔

 انہوں نے اپنے کچھ ساتھی اداکاروں کے حوالے سے بے لاگ رائے کا اظہار بھی کیا، جو اب خبروں کی زینت بنا ہوا ہے۔

حال ہی میں نعیمہ بٹ نے ڈرامے کی کاسٹ میں موجود غیر یقینی کیفیتوں کا ذکر کیا تھا، ایک صحافی نے ان سے اس بارے میں مزید وضاحت چاہی تو نعیمہ نے کہا کہ مجھے اس ڈرامہ کے سیکوئل کے بارے میں کوئی معلومات نہیں، یہ میرا ڈرامہ نہیں تھا، میں محض ایک اداکارہ تھی، اگر دوسرا سیزن آیا بھی تو مجھے کاسٹ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کاسٹ کی غیر یقینیوں کے بارے میں اپنی پرانی بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ شاید میں نے سچ بولا تھا اور مجھے یہ بات اپنے تک رکھنی چاہیے تھی۔

نعیمہ بٹ نے مزید انکشاف کیا کہ انڈسٹری میں ایسے کئی لوگ موجود ہیں جو اسی قسم کے رویے کا شکار ہیں، لیکن وہ کھل کر سامنے نہیں آتے۔

انہوں نے واضح کیا کہ میں نے کہیں بھی فہد مصطفیٰ یا ہانیہ عامر کا نام نہیں لیا، میں نے صرف اپنے ذاتی تجربے کو بیان کیا۔

نعیمہ نے مزید کہا کہ جب کوئی دوسرا اداکار بہترین پرفارم کرتا ہے اور مرکزی ستاروں کو پیچھے چھوڑ دیتا ہے، تو غیر یقینی اور حسد پیدا ہوتی ہے، اگر کسی نے محنت سے مقام بنایا ہے تو اسے اسٹیج پر بلانا اور عزت دینی چاہیے، نہ کہ نیچا دکھانا، یہی میں نے محسوس کیا اور دنیا کے ساتھ شیئر کر دیا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید