اسلام آباد (خصو صی نامہ نگار ، آن لائن) پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے نوازشریف کے دور میں وفداسرائیل بھجوانے کی پرزور تردید کرتے ہوئے کہاہے کہ ایسی حرکتوں پر لعنت اللہ علی الکاذبین ہی کہاجاسکتا ہے ،ایسی بے بنیاد اطلاعات پھیلا کر سیاسی مخالفین کو نہیں پاکستان کے مفادات کو نقصان پہنچایاجارہا ہے،ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ( ن ) کے دور میں ایسا کوئی دورہ یا رابطہ نہیں ہوا، نوازشریف اور مسلم لیگ ( ن ) کشمیر سمیت قومی مفادات پر قائداعظم کے اصولی موقف کی حامی اور پہریدار ہے ،انڈین ایجنٹ بنانے والوں نے اپنے سیاہ کرتوٹ چھپانے کیلئے اب نیا فتنہ تیار کیا ہے ،کشمیر کا سود کرو تم، الزام لگائو نوازشریف پر ،کابینہ کے وزیر کی خبریں آنے پر اب یہ الزام بھی نوازشریف پر ،کوئی شرم، کوئی حیاء، نالائق، کرپٹ اور جھوٹا ٹولہ لائو تم اور ہر تباہی کا ذمہ دار نوازشریف ،معیشت تباہ، مہنگائی نے عوام کو قتل کردیا۔