کراچی( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر)سندھ میں بیڈ منٹن کے انتظامی معاملات گھمبیر ہوگئے ہیں۔ پاکستان بیڈ منٹن فیڈریشن نے سندھ ایسوسی ایشن پر غیر اعلانیہ طورایڈہاک لگاکرباگ دوڑ بعض کھلاڑیوں کے حوالے کردی ہے۔ فیڈریشن کا موقف ہے کہ سندھ ایسوسی ایشن نے انتخابات نہیں کرائے تھے۔ البتہ سندھ حکام کے مطابق فیڈریشن کے کسی بھی غیر آئینی اقدام کو قبول نہیں کیا جائے گا، ہمیں کام سے روکنے کی ہدایت نہیں ملی ہے۔سندھ بیڈ منٹن کے سکریٹری افتخار احمد کا کہنا ہے کہ میں مستعفی ہوچکا ہوں ۔ اس صورت حال پر جب فیڈریشن کے سکریٹری واجد چوہدری سے رابطہ کیا گیا تو ان کا فون مسلسل مصروف نظر آیا جبکہ فیڈریشن کے صدر نثار احمد شہوانی نے کہا کہ انہیں معاملے کاکوئی علم نہیں ہے۔