• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہزارہ کمیونٹی کے قتل میں عالمی تنظیمیں ملوث ہیں، وزیرداخلہ

ہزارہ کمیونٹی کے قتل میں عالمی تنظیمیں ملوث ہیں، وزیرداخلہ


اسلام آباد(ایجنسیاں)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ لواحقین کے تمام مطالبات منظور کر کے وزیراعظم کو رپورٹ دے دی تھی ‘ علماءاور عمائدین اس معاملہ پر مذاکرات کر رہے ہیں‘ معاملات طے ہوتے ہی وزیراعظم کوئٹہ جائیں گے۔

ہم چاہتے ہیں کہ یہ مسئلہ خوش اسلوبی سے حل ہو لیکن بعض لوگ سمجھ نہیں رہے اور اس معاملے کو سیاسی ایشو بنانا چاہتے ہیں‘ وزیراعظم تفرقہ بازوں اور دہشت گردوں کو ختم کرنے کا عزم رکھتے ہیں، بعض طاقتیں اہل تشیع اور سنیوں میں غلط فہمیاں اور تصادم پیدا کرنا چاہتی ہیں۔ 

جمعہ کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ہزارہ کمیونٹی کے قتل میں عالمی تنظیمیں ملوث ہیں‘اسلام آباد، سرگودھا اور کراچی سے گروہ پکڑے گئے ہیں جو شیعہ سنی فسادات کرانا چاہتے تھے‘زلفی بخاری اور علی زیدی وہاں موجود ہیں، امید ہے بات کسی اچھی طرف نکلے گی۔ 

7 افغان شہدا کو بھی وہی معاوضہ دیں گے جو پاکستانی شہدا کو دیا جائے گا۔پاکستان میں دہشت گردی کی نئی لہر ہے‘اسلام آباد، لاہور، کراچی‘ کوئٹہ اور پشاور میں خطرات موجود ہیں، بھارت اور را کے ایجنٹ اور دوسروں کے پے رول پر کام کرنے والے دہشت گردی کے لئے سرگرم ہیں۔

وزیراعظم کے جانے میں تاخیر کے حوالے سے کچھ ایسی چیزیں ہیں جو منظر عام پر نہیں لائی جا سکتیں۔ابھی یہ نہیں کہا جا سکتا کہ کون سا گروہ مچ واقعہ میں ملوث ہے۔ داعش کا نام بھی آ رہا ہے، اس کے علاوہ اور بھی نام ہیں۔

دریں اثناءنیشنل پولیس اکیڈمی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےشیخ رشیدکا کہناتھاکہ پی ڈی ایم کے جلسے ناکام ہورہے ہیں‘اگلے تین ماہ سیاست میں بہت اہم ہیں‘ویزے آن لائن کرکے کرپشن ختم کر دی۔

ایگزٹ کا ویزہ بھی آن لائن کر رہے ہیں، ایف آئی اے اور نادرا کو بھی ٹھیک کریں گے،وزیر اعظم کسی بھی وقت کوئٹہ جا سکتے ہیں‘ آئی جی اسلام آباد کو اسامہ ستی کے حساس معاملہ پر ہٹایا، ایف آئی اے کے افسران کو بھی تبدیل کریں گے۔

تازہ ترین