انڈونیشیا میں گزشتہ روز لاپتہ ہونے والے مسافر طیارے بوئنگ 737 کے گرنے کے ممکنہ مقام کی نشاندہی ہو گئی۔
طیارہ اڑان بھرنے کے فوری بعد سمندر میں گرا، غوطہ خوروں کو سطح سمندر سے 23 میٹر گہرائی میں انسانی اعضاء اور طیارے کے ٹکڑے ملے ہیں۔
انڈونیشیا کے صدر کا کہنا ہے کہ متاثرین تک پہنچنے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔
انڈونیشیا میں فوج کی جانب سے لاپتہ طیارے کے گرنے کے ممکنہ مقام کی نشاندہی کی گئی ہے جس کے بعد غوطہ خوروں کو سمندر میں 23 میٹر کی گہرائی میں لاپتہ طیارے کے ٹکڑے اور جسمانی اعضاء ملے ہیں۔
غوطہ خوروں کو سمندر سے طیارے میں سوار افراد کی اشیاء بھی ملی ہیں، ملنے والے جسمانی اعضاء کو شناخت کے لیئے اسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق جسمانی اعضاء ایک شخص کے ہیں یا متعدد اشخاص کے، یہ ابھی نہیں کہا جا سکتا۔
لاپتہ ہونے والے طیارے میں عملے سمیت 62 افراد سوار تھے، جو تمام انڈونیشیئن باشندے تھے۔
انڈونیشیا کے صدر نے عوام سے طیارے میں سوار افراد کے ملنے کی دعا کی اپیل کی ہے۔