پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے آج مالاکنڈ میں پاور شو کیلئے جلسے کا مقام تبدیل ہوگیا، بلاول بھٹو زرداری ریلی کی شکل میں مردان سے ہوتے ہوئے سخاکوٹ پہنچ گئے،مولانا فضل الرحمٰن براستہ سوات ایکسپریس وے ریلی کے ہمراہ بٹ خیلہ کی طرف رواں دواں ہیں جبکہ مریم نواز جلسے میں شریک نہیں ہوں گی۔
پی ڈی ایم آج بٹ خیلہ مالاکنڈ میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کررہی ہے، پی ڈی ایم قائدین ریلیوں کے ہمراہ بٹ خیلہ میں جلسہ گاہ پہنچ رہے ہیں، مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز جلسے میں شریک نہیں ہوں گی، نون لیگ کی نمائندگی مسلم لیگ نون خیبرپختونخوا کے صوبائی صدر امیر مقام کرینگے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری کچھ دیر پہلے قافلے کے ہمراہ سخاکوٹ پہنچے، وہ راستے میں مختلف مقامات پر خطاب کرتے ہوئے بٹ خیلہ جا رہے ہیں۔
سربراہ پی ڈی ایم مولانا فضل الرحمٰن جلسے کیلئے چکدرہ سے روانہ ہوگئے ہیں،وہ براستہ سوات ایکسپریس وے ریلی کے ہمراہ بٹ خیلہ کی طرف رواں دواں ہیں۔
نون لیگ خیبرپختونخوا کے صدر امیر مقام سوات سے قافلے کے ہمراہ بٹ خیلہ پہنچ رہے ہیں، جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کی ریلی جلسہ گاہ پہنچ گئی ہے۔
پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل کریم کنڈی نے بتایا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث جلسے کی جگہ تبدیل کردی گئی ہے، جلسہ اب ظفر پارک کے بجائے جی ٹی روڈ پر ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جلسے میں بلاول بھٹو زرداری اور دیگر قائدین بم پروف کنٹینر سے خطاب کرینگے، بم پروف کنٹینر ظفر پارک میں داخل نہیں ہو سکتا اس وجہ سے جلسہ گاہ کوتبدیل کیا گیا ہے۔