سبز رنگ کی سبزی ’لوکی‘ قدرتی طور پر بےشمار فوائد سے مالا مال ہے، آپ کے جسم کو ہائیڈریٹ رکھتی ہے جبکہ لوکی وٹامن سی، اے اور کے کا بھی ایک بھرپور ذریعہ ہے۔
لوکی میں سوڈیم، کیلشیم، آئرن، زنک اور میگنیشیم جیسے ضروری معدنیات بھی پائے جاتے ہیں، یہ کولیسٹرول کی خراب سطح کو کم کرکے صحتمند دل کو بھی فروغ دیتی ہے۔
لوکی کھانے سے ہمارا نظامِ ہاضمہ بہتر طریقے سے کام کرتا ہے اور قبض، پیٹ کے درد جیسے مسائل سے نجات بھی ملتی ہے۔
اگر ہم لوکی کے جوس کی بات کریں تو اس کا جوس ذیابیطس کے مریضوں کے لیے فائدہ مند ہے کیونکہ یہ بلڈ شوگر کی سطح کو مستحکم کرتا ہے اور بلڈ پریشر کو برقرار رکھتا ہے۔
آئیے لوکی کے جوس کے صحت سے متعلق کرشماتی فوائد جاننے کی کوشش کرتے ہیں۔
لوکی کے جوس کے فوائد:
آپ کے جسم کو ٹھنڈک بخشتا ہے:
لوکی کا جوس آپ کے جسم میں ٹھنڈک میں پیدا کرتا ہے اور خاص طور پر گرمیوں کے دوران آپ کے جسم کو ہائیڈریٹ رکھتا ہے۔ اس سے آپ کا معدہ ٹھنڈا رہتا ہے اور جسم کی حرارت کم ہوتی ہے۔ لوکی کا جوس السر کے مریضوں کے لیے ایک بہترین علاج بھی سمجھا جاتا ہے۔
وزن کم کرنے میں مدد ملتی ہے:
وزن میں کمی کے لیے لوکی کا جوس بڑے پیمانے پر استعمال ہوتا ہے۔ یہ فائبر سے بھرا ہوا ہے جس کی وجہ سے آپ کا پیٹ زیادہ دیر تک بھرا ہوا رہ سکتا ہے اور اس میں کیلوریز کی مقدار بھی کم ہوتی ہے۔
اپنے دل کو صحت مند رکھیں:
ہر صبح خالی پیٹ لوکی کے جوس کا باقاعدہ استعمال، آپ کے خون میں کولیسٹرول کی سطح کو کم کرنے میں مدد کرتا ہے اور دل کے صحت مند افعال کو برقرار رکھتا ہے۔
ذہنی تناؤ ختم کرتا ہے:
لوکی میں کلین کی ایک اچھی مقدار ہوتی ہے۔ یہ ایک قسم کا نیورو ٹرانسمیٹر ہے جو دماغ کے افعال کو بہتر بنانے میں مدد کرتا ہے اور تناؤ ، افسردگی اور دیگر ذہنی عوارض کو روکنے میں مدد کرتا ہے۔
پیٹ کے مسائل کا علاج کرتا ہے:
لوکی کا جوس قبض ختم کرنے میں مدد کرتا ہے، پانی اور فائبر کا مواد آپ کے نظام ہاضمہ کو صاف کرنے میں مدد کرتا ہے اور آنتوں کی آسانی سے نقل و حرکت کی اجازت دیتا ہے۔