• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تبدیلی سرکار کی حواس باختگی اسکے چہرے پر عیاں ہوگئی‘ صادق عمرانی

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے علاقہ عمائدین کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمہور کیلئے کیا جانے والا حقیقی اتحاد تبدیلی سرکار کے گلے میں فٹ ہوچکا ہے۔ سہولت کاروں کی رسی غیر محسوس انداز میں کچھنی شروع ہوچکی ہے۔ غیر حقیقی اعدادوشمار قوم کے سامنے پیش کرنے والے عوام کو مزید بے وقوف نہیں بناسکتے۔ ہر اندھیری رات کے بعد روشن سحر کا منہ دیکھنا ہی پڑتا ہے۔ نیازی کو اب مکافات عمل کا سامنا ہے اور حواس باختگی ان کے چہرے پر عیاں ہونا شروع ہوچکی ہے۔ ترجمانوں کی فوج پر بھی اس حقیقت کے اثرات نمایاں ہونا شروع ہوچکے ہیں کہ اب کسی بھی وقت ان کے پیروں تلے سے زمین کھینچی جاسکتی ہے ان کے لہجوں کی تھکن ان کی شکست کی واضح دلیل ہے۔ صادق عمرانی نے کہا کہ ناقص پالیسی میکرز کے ہاتھوں ملکی خزانے کا ضیاع اب اربوں نہیں بلکہ کھربوں کی اپنی انتہائی حدوں کو چھو رہا ہے سستی ایل این جی کی خریداری میں ناکامی مسلسل پٹرولیم مصنوعات میں من چاہا اضافہ پی آئی اے کے طیارے کا روک لیا جانا اور ملازمین کی جبراً ریٹائرمنٹ و معطلی اسٹیل مل کو اونے پونے بیج ڈالنے کی راہ ہموار کیا جانا بجلی و گیس کی کمیابی کی وجہ سے صنعتوں کا بند ہونا اور لاکھوں افراد کا بے روزگار ہوجانا لاقانونیت اور جنسی تشدد اور خاص طور پر بچوں کو نشانہ بنایا جانا دہشت گردی کا پھر سے سر اٹھانا معیشت کے بعد کھیل کی زبوں حالی مہنگائی میں ہوشربا اضافہ ٹیکسز کی بھرمار سیاسی مخالفین کی سرکوبوں کے لئے من گھڑت مقدمات کا قائم کیا جانا اور انہیں سچ ثابت کرنے کیلئے اربوں روپے کو نذرآتش کیا جانا مسئلہ کشمیر پر بیک فٹ کی پوزیشن پر آجانا یہ سب اس غیر حقیقی تبدیلی کے بظاہر نظر آنے والے موذی اثرات ہیں جس سے قوم کو شعوری آگاہی حاصل ہوچکی ہے۔ ابھی ایسے بہت سے کارناموں سے پردہ اٹھنا باقی ہے جو تبدیلی کے خاک میں مل جانے کے بعد منظرعام پر آئیں گے۔ قوم کو یہ مسلط کردہ تبدیلی پہلے ہی دن سے راس نہیں آئی اور نہ ہی یہ مسلط کردہ کلچر جو کسی طرح بھی ہمارے حقیقی سیاسی کلچر سے ہم پلا نظر آیا اس دو دھاری تلوار نے تو ہماری سیاسی اقدار و نظریاتی اکائیوں کو تقسیم کردینے میں کوئی کسر اٹھا نہیئں رکھی۔انہوں نے کہا کہ عوام کو جمہوریت سے متنفر کرنے کی ایک سازش کو پھر سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔
تازہ ترین