• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فارن فنڈنگ، آج الیکشن کمیشن سے فیصلہ مانگیں گے، PDM

فارن فنڈنگ، آج الیکشن کمیشن سے فیصلہ مانگیں گے، PDM


اسلام آباد، سکھر (نیوز ایجنسیاں، بیورو رپورٹ) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) آج الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کریگی، اپوزیشن رہنماؤں نے کہاہے کہ آج الیکشن کمیشن سے فیصلہ مانگیں گے۔ 

پی ڈی ایم کے سربراہ مولانافضل الرحمٰن نے کہاہے کہ فارن فنڈنگ کامرکزی ملزم عمران خان ہے،فارن فنڈنگ کا پیسہ انتشار اور دھاندلی کیلئے استعمال کیا گیا، جبکہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے کہاہے کہ نالائق، نااہل اور ناجائز وزیر اعظم کو فی الفور مستعفی ہونا ہوگا۔

فارن فنڈنگ کیس پاکستان کا سب سے بڑا نیشنل سیکورٹی اسکینڈل ہے، الیکشن کمیشن، عدالت اور انصاف فراہم کرنیوالے اداروں کو تمام حقائق جلد از جلد قوم کے سامنے لانے چاہئیں۔

نائب صدرمسلم لیگ (ن) مریم نوازنے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس میں سپریم کورٹ بھی جانا پڑا تو جائینگے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پی ڈی ایم کے اجلاس کے بعد مریم نواز اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ اتحاد کی اسٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا اور الیکشن کمیشن کے سامنے مظاہرے کی حکمت عملی کے حوالے سے غور و خوض ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ طے ہوا ہے کہ پی ڈی ایم کی قیادت الیکشن کمیشن کے سامنے فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے بھرپور احتجاج کریگی۔ 

انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس پاکستان کی سیاسی تاریخ کا سب سے بڑا اسکینڈل ہے، جس کا مرکزی ملزم عمران احمد نیازی ہے۔

تازہ ترین