• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نصیرشاہوانی کی قیادت میں زمینداروں کے وفدکی کلکٹرکسٹمز سے ملاقات،مسائل پرگفتگو

کوئٹہ(آن لائن) زمیندارایکشن کمیٹی کے چیئرمین ورکن صوبائی اسمبلی ملک نصیراحمدشاہوانی کی قیادت میں زمینداروں کے وفد نے کلکٹرکسٹمز کوئٹہ عرفان جاوید ،صوبائی سیکرٹری برائے زراعت قمبردشتی،کیسکو چیف محمدعارف سے الگ الگ ملاقات کی ،زمیندار ایکشن کمیٹی کے وفد میں کاظم خان اچکزئی ،عبدالجبار کاکڑ، ملک محمدرمضان مہترزئی ،حاجی نوراحمدبلوچ اورصاحبزادہ سیف اللہ موجود تھے۔چیئرمین ملک نصیراحمدشاہوانی نے کلکٹرکسٹم کو ایران سے ٹماٹر کی آڑ میں اسمگلنگ ودیگر سے متعلق زمینداروں کے تحفظات کے حوالے سے آگاہ کیااورکہاکہ ہمسایہ ممالک سے اسمگلنگ کی وجہ سے مقامی زمینداروں اور کاشتکاروں کوشدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑ رہاہے جس پر کلکٹرکسٹم نے یقین دہانی کرائی کہ کسٹم حکام نےاسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی ہوئی ہیں ،کسی کو بھی اسمگلنگ کی اجازت نہیں دے سکتے،انہوں نے کہاکہ ایران سے ٹماٹر کی آڑ میں سیب کی اسمگلنگ کی شکایات پر کسٹم مکمل کارروائی کریگی ،صوبائی سیکرٹری برائے زراعت قمبردشتی سے ملاقات کے موقع پر زمینداروں کیلئے گرین ٹریکٹر اسکیم سے متعلق امور پرتبادلہ خیال کیا گیا،سیکرٹری زراعت نے یقین دہانی کرائی کہ گرین ٹریکٹر اسکیم رواں سال فروری یا مارچ میں شروع کی جائیگی، ہماری کوشش ہے کہ زمینداروں اور کاشتکاروں کو ہرممکن سہولیات فراہم کی جائے،گزشتہ روز چیف کیسکو سے ملاقات کے موقع پر زمینداروں کو بجلی سے متعلق درپیش مسائل ومشکلات سے آگاہ کیاگیا،چیف ایگزیکٹوآفیسر کیسکو نے زمینداروں کو ریکوری لسٹ فراہم کی اورکہاکہ ریکوری نہ ہونے کے برابر ہے، زمینداروں کی جانب سے بجلی کے بلوں کی ادائیگی پر بجلی لوڈشیڈنگ میں کمی کی جائیگی،اس موقع پر چیئرمین زمیندارایکشن کمیٹی ملک نصیراحمدشاہوانی نے تمام زمینداروں کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ 25جنوری سے قبل بجلی کے بلوں کی ادائیگی یقینی بنائیں تاکہ بجلی کامسئلہ حل ہوسکے ،زمینداروں کودرپیش مسائل کے حل کیلئے ہرپلیٹ فارم پر آواز بلند کرینگے، تاہم جواز اور دلیل کے ساتھ مسائل کاحل یقینی ہے ،زمیندار باقاعدگی کے ساتھ بلوں کی ادائیگی کرینگے تو ہماری مشکلات کم ہوں گی ۔
تازہ ترین