آپ آف لائن ہیں
جمعہ20؍ رجب المرجب 1442ھ 5؍مارچ2021ء
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
Jang Group

ثانیہ مرزا نے آئسولیشن میں اپنے خوفناک تجربے کو شیئرکردیا

بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد آئسولیشن میں جانے اور گھر والوں سے دور رہنے کے اپنے دردناک تجربے کو دنیا کے سامنے شیئر کیا۔ 

فوٹوز اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر  انھوں نے اپنے بیٹے اذہان کے ہمراہ ایک پیار بھری تصویر شیئر کی۔ 

اس تصویر کے ساتھ انھوں نے اپنی روداد سناتے ہوئے کہا کہ میں کوویڈ 19 کا شکار ہوئی، لیکن میں اب رب باری تعالیٰ کی مہربانی سے بالکل ٹھیک ہوں لیکن میں یہاں اپنا تجربہ شیئر کرنا چاہتی ہوں۔ 

انھوں نے لکھا کہ میں خوش قسمت ہوں کہ میرے اندر کورونا وائرس سے متعلق بڑی علامات سامنے نہیں آئیں، لیکن میں نے تنہائی اختیار کی جس میں میرا مشکل ترین وقت اپنے دو سالہ بیٹے اور اہلِ خانہ سے دوری تھا۔ 

ثانیہ نے لکھا کہ میں تصور نہیں کرسکتی جس طرح کوویڈ سے متاثرہ افراد اور ان کے اہلِ خانہ اذیت سے گزرتے ہیں جب کوئی بیمار ہوکر اسپتال میں اکیلا ہوتا ہے اور صرف خود پر ہی انحصار کر رہا ہوتا ہے۔ 

انھوں نے کہا کہ اس اکیلے پن میں آپ میں روزانہ نئی علامات سامنے آتی ہیں اور بے چینی بڑھ جاتی ہے، ایسے میں آپ کے لیے اس بیماری کو جھیلنا نہ صرف جسمانی طور پر بلکہ ذہنی اور جذباتی طور پر بھی مشکل ہوجاتا ہے۔

ٹینس اسٹار نے کہا کہ میں یہاں کہنا چاہتی ہوں کہ میں ان سب چیزوں کے باوجود میں ٹھیک ہوں، لیکن اپنے اہلِ خانہ سے دوری سب سے زیادہ خوفناک چیز تھی یہ جاننے کے لیے آخر ہم کب انھیں دوبارہ دیکھیں گے۔


ثانیہ کا کہنا تھا کہ یہ وائرس مذاق نہیں ہے، میں نے اس وائرس سے بچاؤ کی تمام احتیاطی تدابیر اختیار کیں لیکن پھر بھی یہ وائرس مجھے لگ گیا۔ 

انھوں نے مداحوں سے کہا کہ ہمیں خود کو، اہلِ خانہ کو اور دوستوں کو محفوظ رکھنے کے لیے سب کچھ کرنا ہوگا۔

ثانیہ مرزا نے مشورہ دیا کہ ماسک پہنیں، بار بار ہاتھ دھوئیں اور اپنے اور اپنے پیاروں کا خیال رکھیں۔ 

کھیلوں کی خبریں سے مزید