• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

”خدا اور محبت“ سینئر اور نوجوان فنکاروں کےحسین امتزاج کا شاہکار، جلد ”جیو“پر نشر ہوگا

کراچی (محمد ناصر) عبدﷲ کادوانی اور اسد قریشی کے ”سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ“ کے بینر تلے تخلیق کیا گیا نئے سال کا سب سے بڑا اور شہرہ آفاق سیریل ”خدا اور محبت“ بہت جلد پاکستان کے سب سے مقبول انٹرٹینمنٹ چینل ”جیو ٹی وی“ سے نشر کیا جائے گا۔ سپر ہٹ سیریل کے تیسرے سیزن میں سینئر اور نوجوان فنکاروں کے حسین امتزاج کو اس خوبصورتی سے تشکیل دیا گیا ہے کہ عشق اور محبت کی لازوال داستان کے ہر منظر میں حقیقت کے رنگ جھلکتے نظر آئیں گے۔ ہاشم ندیم کے عالمی شہرت یافتہ ناول ”خدا اور محبت“ پر مبنی ڈرامہ سیریل میں اس بار فیروز خان مرکزی کردار ادا کررہے ہیں جبکہ اِن کے مقابلے میں خوبرو اداکارہ اقراء عزیز ہیں جو اداکاری کے میدان میں پہلے ہی اپنا لوہا منواچکی ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ اس بار پاکستان کے لیجنڈ اداکار جاوید شیخ بھی لیڈ کاسٹ میں شامل ہیں۔ یہ تینوں آرٹسٹ اپنی اپنی فیلڈ میں یکتا ہیں۔ سپر ہٹ سیریل کے ”سیزن تھری“ میں طوبیٰ صدیقی، روبینہ اشرف، اسما عباس، حنا بیات، سیمی پاشا، وسیم عباس، سنیتا مارشل، سہیل سمیر، جنید خان، مرزا زین بیگ اور سینئر فنکار عثمان پیرزادہ بھی شامل ہیں جو یقینا اپنی پرفارمنس سے اِس ڈرامے کو ایک بار پھر سب کیلئے یاد گار بنا کر چار چاند لگائیں گے۔ نوید نوشاد کی کمپوزیشن، قمر نوشاد کی شاعری اور نِش اشعر کی آواز کے ساتھ عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار اور سُروں کی شان راحت فتح علی خان نے اس ڈرامے کے مرکزی گیت میں اپنی آواز کا ایسا جادو جگایا ہے کہ ہر ایک اِس کا دیوانہ بن گیا ہے۔ ”خدا اور محبت“ کا یہ نغمہ اب ہر ایک کے لبوں پر چھا یا ہوا ہے۔ سیریل کا ”او ایس ٹی“ بھی اس قدر سریلا ہے کہ وہ اس کہانی کو دیکھنے کیلئے ناظرین کی بے تابیاں بڑھا رہا ہے۔ یاد رہے کہ ”جیو ٹی وی“ کی ڈرامہ سیریل ”خدا اور محبت“پہلی بار 2011ء میں آن ایئرکی گئی تھی جس کی کہانی اور کردارآج بھی لوگوں کے ذہنوں پر نقش ہیں۔ اُس سیریل کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے ڈرامے کا دوسرا سیزن 2017؁ء میں پیش کیا گیا جس نے کامیابی اور مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کرتے ہوئے ریٹنگ چارٹ پر خوب تہلکہ مچایا۔ عوام کی فرمائش اور سپر ہٹ سیریل کے تسلسل کو آگے بڑھاتے ہوئے ڈرامے کا تیسرا سیزن پیش کیا جارہا ہے جس کا عوام کو بے صبری سے انتظار ہے۔ ڈرامے کی چند جھلکیاں بھی عوام کے سامنے پیش کردی گئی ہیں۔ سید وجاہت حسین کی ڈائریکشن میں عکس بند کئے گئے مناظر میں حقیقت کے رنگ جھلک رہے ہیں۔ محبت، معاشرتی مسائل، سنجیدگی، سسپنس اور حقیقت کے رنگ سے سجی ”خدا اور محبت“ کے سیزن 3 کی دلچسپ کہانی اب نئے انداز میں دھوم مچانے کو تیار ہے جسے بہت جلد ”جیو ٹی وی“ سے نشر کیا جائے گا۔

تازہ ترین