• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اقوام متحدہ نے اسٹاف کو کسی بھی پاکستانی ایئرلائن سے سفر کرنے سے روکدیا

اسلام آباد (طارق بٹ)اقوام متحدہ نے اپنے اسٹاف کو کسی بھی پاکستانی ایئرلائن سے سفر کرنے سے روک دیا ہے۔ یہ فیصلہ مشکوک لائسنس تحقیقات کے باعث کیا،تاہم، سیرین ایئر کے ذریعے سفر کی اجازت ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق، اقوام متحدہ نے دنیا بھر میں اپنے اداروں کے اسٹاف کو خبردار کیا ہے کہ وہ پاکستان میں رجسٹرڈ کسی بھی ایئرلائن بشمول قومی ایئرلائن کے ذریعے سفر نہ کریں، جس کی وجہ مشکوک فلائنگ لائسنس کو قرار دیا گیا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکورٹی مینجمنٹ سسٹم (یو این ایس ایم ایس) کی جانب سے جاری کی گئی ایڈوائزری جس کی نقل دی نیوز کے پاس موجود ہے۔

اس میں کہا گیا ہے کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے ) کی جانب سے جاری مشکوک لائسنس کی تحقیقات کو مدنظر رکھتے ہوئے خبردار کیا جاتا ہے کہ پاکستان کے رجسٹرڈ فضائی آپریٹرز کے ذریعے سفر نا کیا جائے۔ جب کہ اقوام متحدہ نے اپنے اسٹاف کو افغانستان کی رجسٹرڈ کام ایئر کے ذریعے سفر کی اجازت دے دی ہے۔

جاری کیے گئے انتباہ کا مقصد پاکستان میں کام کرنے والے اقوام متحدہ کے اسٹاف کو مقامی سطح پر بھی کسی پاکستانی ایئرلائن سے سفر کرنے سے روکنا تھا۔ تاہم، ذرائع کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ نے سیرین ایئر کے ذریعے اپنے اسٹاف کو سفر کی اجازت دے دی ہے۔

تازہ ترین