کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کے دورہ افریقا میں توسیع کردی گئی ہے۔ پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم جنوبی افریقاکے خلاف سیریز مکمل کرنے کے بعد زمبابوے روانہ ہوجائے گی، جہاں اسے 3ایک روزہ اور 2ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز پر مشتمل سیریز کھیلنی ہے۔پاکستان اور جنوبی افریقاکے درمیان سیریز کا آخری میچ 3 فروری کو ڈربن میں کھیلا جائے گا، جہاں سے قومی خواتین کرکٹ ٹیم ہرارے روانہ ہوجائے گی۔ پاکستان اور زمبابوے کے مابین سیریز 11سے 20 فروری تک کھیلی جائے گی۔زمبابوے کے پاس انٹرنیشنل ون ڈے اسٹیٹس نہ ہونے کے باعث یہ تینوں ایک روزہ میچز کو انٹرنیشنل اسٹیٹس حاصل نہیں ہوگا تاہم دونوں ٹیموں کے مابین شیڈول دو ٹی ٹونٹی میچز کو انٹرنیشنل اسٹیٹس حاصل ہوگا۔