پاکستان کی مشہور اداکارہ ثروت گیلانی نے کہا ہے کہ ہمارے معاشرے میں سمجھا جاتا ہے کہ لڑکا ہی پروپوز کرے گا، لڑکا ہی سوال کرے گا اور لڑکا ہی کھانے پر لے جائے گا لیکن ایسا نہیں ہونا چاہیے لڑکیوں کو بھی کرنا چاہیے۔
ایک ویب شو میں اداکارہ ثروت گیلانی سے کامیاب ازدواجی زندگی سے متعلق سوال کیا گیا۔ جس پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ جب ہم ایک دوسرے سے ملے اور شادی کا فیصلہ کیا تو ارادہ کیا کہ شادی کے بعد ہمیں ایک ساتھ ہی نہیں انفرادی طور پر بھی آگے بڑھنا ہے جس کے لیے ہمیں ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کرنا اور ایک دوسرے کو قبول کرنا ضروری ہے۔
اداکارہ نے بتایا کہ شادی کی شروعات میں مجھے اپنے بڑوں سے شادی شدہ زندگی کے حوالے سے کافی رہنمائی ملی، ان میں سے ایک یہ کہ دن بھر میں ایک بار آپ نے اپنے شوہر کے ساتھ کھانا ضرور کھانا ہے پھر چاہے وہ ناشتہ ہو، شام کی چائے ہو یا رات کا کھانا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہیں دوست کی والدہ نے سمجھایا تھا کہ وہ ایک کام روزانہ ایسا ضرور کریں کہ جس سے شوہر اور ان کے درمیان تعلقات مضبوط رہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی مقبول اداکارہ ثروت گیلانی کی اداکار ڈاکٹر فہد مرزا سے شادی کو 6 سال سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے۔