• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارتی عدالت نے گرفتار مسلمان کامیڈین کی درخواست ضمانت مسترد کردی

بھارت کی ریاست مدھیا پردیش کی ہائی کورٹ میں گرفتار مسلمان کامیڈین منور فاروقی کی درخواست ضمانت مسترد کردی گئی۔ 

تقریباً 4 ہفتوں قبل منور فاروقی کو مدھیا پردیش کے شہر اندور میں ایک پروگرام سے گرفتار کیا گیا تھا اور اس کی وضاحت یہ دی گئی تھی کہ منور ہندو دیوتاؤں پر لطیفے سنانے والے تھے۔ 

علاوہ ازیں منور فاروقی نامی اس نوجوان پر ہندو دیوتا سمیت بھارت کے وزیر داخلہ اور حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر امیت شاہ کی تضحیک کا بھی الزام تھا۔

مسلمان کامیڈین کے خلاف درخواست ایم ایل اے مالیانی لکشمن سنگھ گور کے بیٹے اکلاویا سنگھ گور نے جمع کروائی اور اپنی درخواست میں کہا تھا کہ منور فاروقی نے اپنے ایک شو کے دوران ہندو دیوتاؤں اور امیت شاہ کی تضحیک کی ہے۔

درخواست گزار نے کہا تھا کہ اس نے خود اس شو کی ویڈیو بنائی ہے، جبکہ وہ ویڈیو پولیس کے حوالے بھی کردی۔

بعد ازاں بھارتی پولیس نے بھی تسلیم کیا تھا کہ انہیں منور فاروقی کے خلاف توہینِ مذہب کے کوئی شواہد نہیں ملے۔

بھارت کی دو عدالتیں منور فاروقی کو ضمانت دینے سے انکار کر چکی تھی جبکہ آج مدھیا پردیش کی عدالت عالیہ نے بھی ان کی درخواست ضمانت مسترد کردی ہے۔ 

عدالت نے ریمارکس دیے کہ منور فاروقی نے جان بوجھ کر ایک گروہ کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔

عدالت نے مزید ریمارکس دیے کہ ملزم کے خلاف ثبوت موجود ہیں اور ان کے خلاف الزامات کی تحقیقات بھی جاری ہیں، اس کے لیے اس کیس میں ضمانت نہیں دی جاسکتی۔ 

تازہ ترین