• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ پنجاب کا ہاکی ٹیم کیلئے 3 کروڑ روپے انعام کا اعلان


وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے ملاقات کی، اس دوران انہوں نے ٹیم کےلیے 3 کروڑ روپے انعام کا اعلان بھی کیا۔ 

کھلاڑیوں سے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب نے اذلان شاہ ہاکی کپ میں عمدہ کارکردگی پر اپنی، وزیراعظم شہباز شریف اور سابق وزیراعظم نواز شریف کی طرف سے ہاکی ٹیم اور تمام انتظامیہ کو مبارکباد دی۔

قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ ہاکی صرف قومی کھیل نہیں قومی فخر ہے، 13 سال بعد ٹیم کی ایسی پرفارمنس رہی۔ 

انکا کہنا تھا کہ حکومت کی طرف سے ہاکی ٹیم کو پوری سپورٹ اور اونرشپ ملے گی۔ وزیر کھیل پنجاب نے کم عرصے میں بہت اچھے اقدامات کیے، وزیر کھیل سے کہوں گی کہ ہاکی ٹیم کو جس تعاون کی ضرورت ہے وہ پورا کریں۔

مریم نواز نے کہا کہ وزیر کھیل پنجاب کو ذمہ داری دی ہے کہ اسپورٹس کو بحال کریں، چاہتی ہوں کہ نوجوانوں اور طلبہ کےلیے صحت مند سرگرمیاں ہوں۔ وزیر کھیل پنجاب کو اسپورٹس کےلیے جو بجٹ چاہیے ہوگا دوں گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تمام کھلاڑیوں سے درخواست ہے کہ ہاکی کے کھیل کو گلی محلہ تک پہنچانے کےلیے ساتھ دیں۔ ہم انٹرنیشنل لیول کی سہولیات دینے کی کوشش کریں گے، ہر کھلاڑی صحت کے ساتھ اسپورٹس کی بحالی میں ہمارا ساتھ دیں۔ کھلاڑیوں کو دیکھ کر بچے ان جیسا بننا چاہتے ہیں۔

انکا کہنا تھا کہ امید ہے آنے والے وقت میں آپ اور کامیابیاں حاصل کریں گے،  مجھ سے جو کچھ بھی ہوسکا ضرور کروں گی۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید