• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گنج پن کو ڈاکٹرز ’’ایلو پیسیا alopecia‘‘ کا نام دیتے ہیں جبکہ عام لوگ اسے بالوں کا جھڑنا کہتے ہیں۔ یہ ایک ایسی بیماری یا مشکل ہے جس سے جان چھڑانا بہت مشکل ہوجاتا ہے۔ بالوں کا جھڑنا جہاں کئی لوگوں کے لیے ڈپریشن کا باعث بنتا ہے وہیں بہت سے لوگ اس کی پرواہ بھی نہیں کرتے۔

یقیناً بالوں کا جھڑنا کوئی جان لیوا مرض تو نہیں ہے جس کے لیے انسان خود کو ہلکان کرے البتہ یہ ضرور ہے کہ اس سے آپ کی خود اعتمادی اور مجموعی شخصیت متاثر ہوتی ہے۔ خاص طور پر سر کے کچھ حصوں پر بالوں کا نہ اُگنا اکثر دیکھنے میں اچھا نہیں لگتا اور اس سے آپ کی عمر بھی زیادہ لگتی ہے۔

عورتوں سے زیادہ مردوں کو گنج پن کی شکایت رہتی ہے کونکہ مردوں کے گنجے ہونے کے امکانات عورتوں سے زیادہ ہوتے ہیں۔ کچھ لوگوں کے بال 20سال کی عمر سے ہی جھڑنا شروع ہوجاتے ہیں۔ عمر کے اس حصے میں اگر کسی کے بال جھڑنا شروع ہو جائیں تو وہ احساس کم تری کا شکار ہونے لگتا ہے۔

ان مسائل سے تنگ آکر لوگ ڈاکٹرز کا رُخ کرتے ہیں جہاں علاج میں ہزاروں اور کبھی لاکھوں روپے لگ جاتے ہیں۔ ہیر ٹرانسپلانٹ یا مصنوعی بال لگوانا بھی ایک طریقہ ہے جس سے گنج پن کو چھپایا جا سکتا ہے لیکن یہ بھی ایک انتہائی مہنگا اور طویل عمل ہے۔ مصنوعی بالوں کی دیکھ بھال بھی کرنا ضروری ہے جس کے لیے ہر کسی کے پاس وقت نہیں ہوتا۔

گھریلو ٹوٹکوں کے ذریعے اس پیچیدہ مسئلے کو حل کیا جا سکتا ہے۔ مندرجہ ذیل ٹوٹکوں میں سے اپنی پسند، آسانی اور ضرورت کے مطابق کوئی بھی ٹوٹکہ منتخب کرکے آپ اپنے گھنے اور مضبوط بال واپس پا سکتے ہیں:

زیتون کا تیل:

اس کرشماتی تیل میں جھڑتے بالوں کا بہترین علاج ہے۔ زیتون کے تیل کو کئی طریقوں سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

زیتون کے تیل کا پیک

اجزاء

*زیتون کا تیل، بالوں کی لمبائی کے مطابق، لمبے بال ہوں تو زیادہ، چھوٹے بال ہوں تو کم

*شہد ۔ 1 سے 2 چھوٹے چمچ

*دار چینی ۔ 1چھوٹا چمچ

طریقہ

تیل گرم کریں پھر اس میں شہد اور دارچینی پاؤڈر شامل کریں اور اچھی طرح مکس کرلیں۔ اسے اپنے سر اور بالوں پہ لگائیں اور 15 سے 20منٹ کے لیے لگا چھوڑ دیں، پھر شیمپو سے دھو لیں ۔ ہفتے میں دو سے تین مرتبہ اس کا استعمال کریں۔

زیتون کا تیل اور زیرہ

اجزاء

*زیتون کا تیل ۔ آدھا کپ

*زیرہ ۔ 1 چھوٹا چمچ

طریقہ

زیتون کا تیل لیں۔ اس میں زیرہ شامل کریں اور اسے 10سے 15 منٹ کے لیے چھوڑ دیں۔ اس تیل کوسر پہ اس جگہ لگائیں جہاں بال زیادہ جھڑ رہے ہوں۔ ہلکے ہاتھوں سے 5سے 10منٹ مساج کریں۔ آپ اس تیل کو ایک بوتل میں بھر کر اسٹور بھی کر سکتے ہیں۔ جلد نتائج کے لیے اس کا روزانہ استعمال کریں۔

رات بھر لگانے کا طریقہ

ایسا نہیں ہے کہ آپ کا گنج پن ایک رات میں دور ہو سکتا ہے لیکن اس کے مستقل استعمال سے آپ کو جلد فائدہ نظر آنے لگے گا۔ ہر رات سونے سے پہلے زیتون کے تیل سے سر کا مساج کریں اور صبح اُٹھ کر بال دھو لیں۔ تیل لگانے کے بعد رات کو تکیے پر ایک تولیہ رکھنا نہ بھولیں تاکہ اس پہ تیل کا دھبہ نہ پڑے۔

میتھی کے حیرت انگیز اور زبر دست فائدے

میتھی کو کافی عرصے سے بالوں کو مضبوط بنانے اور اسے جھڑنے سے روکنے کے لیے استعمال کیا جا تا رہا ہے۔ میتھی کو بالوں کے مسائل کے لیے استعمال کرنے کے دو طریقے ہیں۔

میتھی کا پیسٹ

آدھا کپ میتھی دانہ لیں اسے دو کپ پانی میں بھگو دیں۔ اسے 8 سے 9 گھنٹے کے لیے چھوڑدیں۔ اس کا پانی چھان لیں اور میتھی کو پیس لیں۔ اس مکسچر کو بالوں پر ماسک کی طرح لگا لیں اور آدھے گھنٹے کے لیے لگا چھوڑ دیں۔ پھر سادے پانی سے دھو لیں۔ اس عمل کو ہفتے میں دو سے تین بار دہرائیں۔

میتھی کا ناریل کے تیل یا کاسٹر تیل کے ساتھ استعمال

اجزاء

*میتھی دانہ ۔ 1 چھوٹا چمچ

*ناریل کا تیل ۔ جتنا آپ کے بالوں کے لیے کافی ہو

طریقہ

ناریل یا کاسٹر تیل گرم کریں اس میں میتھی دانہ شامل کریں اور اسے چند منٹوں کے لیے فرائی کریں۔ اگر گرمیاں ہوں تو اسے ٹھنڈا کرلیں، ورنہ سردیوں میں اسے گرم ہی چھان لیں۔ اس تیل کو ہلکے ہاتھ سے سر پر ملیں۔ انگلیوں کو سر پر گول گول گھمائیں تاکہ تیل بالوں کی جڑوں تک پہنچ جائے۔ تیل کو آدھے گھنٹے تک بالوں میں لگا رہنے دیں۔ پھر شیمپو سے دھو لیں۔ اس کا استعمال آپ ہفتے میں دو سے تین بار نہانے سے قبل کر سکتے ہیں۔

مہندی سے پائیے صحت مند بال

حنا یا مہندی ایک بہترین جڑی بوٹی ہے جسے صدیوں سے بالوں کو خوبصورت اور مضبوط بنانے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔ اگر اسے سرسوں کے تیل کے ساتھ ملا کر استعمال کیا جائے تو یہ گنج پن دور کرنے یا بالوں کو جھڑنے سے روکنے میں مدد کر سکتی ہے۔

اجزاء

*مہندی کے پتے ۔ 100 گرام

*سرسوں کا تیل ۔ 250 گرام

طریقہ

زیتون کا تیل اُبال لیں۔ اس میں مہندی کے پتے شامل کریں اور کچھ دیر اور اُبالیں۔ اسے ٹھنڈا ہونے دیں ۔ پھر چھان کر ایک ایئر ٹائٹ بوتل میں رکھ لیں۔ اس تیل سے سر اور بالوں کا ہر روز مساج کریں۔

تازہ ترین