• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صنعتی زونز میں انفرا اسٹرکچر بحالی کیلئے ایک ارب منظور کئے، جام اکرام اللہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ صنعتی زونز میں انفرااسٹرکچر کی بحالی کے لئے ایک ارب 30 کروڑ روپے منظور کئے ہیں کیونکہ حالیہ بارشوں سے صوبے کے صنعتی زونز میں انفراسٹرکچر کو شدید نقصان پہنچا تھا۔ یہ بات انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ محدود مالی وسائل کے باوجود صنعتی زونز میں 90 ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔ صوبے میں صنعتی ترقی کے لئے صنعتی زونز میں انفرااسٹرکچر کا بہتر ہونا بہت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ فنڈز کی کمی کے باوجود بروقت تنخواہوں کی ادائیگی کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ فیکٹری مالکان بھی حکومت سندھ سے تعاون کریں۔ فیکٹری مالکان اپنے متعلقہ زونز میں تجاوزات قائم نہ ہونے دیں اور ترقیاتی کاموں میں حکومت سندھ کا ہاتھ بٹائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ صنعت کاروں کے جائز مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہے تاہم گیس اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے صنعتی ترقی کو بہت متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرے۔سندھ سمیت تمام صوبوں کو ان کے حصے کی گیس دی جائے۔ جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ سندھ سب سے زیادہ گیس پیدا کرتا ہے لیکن پھر بھی گیس سے محروم ہے۔ گیس اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی صورت میں صنعتی ترقی ممکن نہیں ہے۔

تازہ ترین