• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پولیس جدید آلات سے لیس، تنخواہیں بڑھادیں اب بہترین کارکردگی ہونی چاہئے، مراد علی شاہ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ پولیس کو ہم نے جدید اسلحہ اور آلات سے لیس کیا ہے۔ اب پولیس کو بہتریں کام کرنا ہوگا۔ نئے پولیس اہلکار محنت سے آئے ہیں اور ان کی بہترین کارکردگی ہونی چاہئے۔

وزیراعلیٰ ہاؤس میں کراچی سے کمیشن پاس انسپکٹرز میں تقرری نامہ تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے 27 انسپکٹرز میں آفر لیٹر تقسیم کیے۔

انہوں نے کہا کہ ان 27 نئے منتخب کیے گئے انسپکٹرز میں 4 خواتین اور 4 اقلیتی شہری شامل ہیں۔ ان 27 انسپکٹرز کا تعلق کراچی سے ہے۔

وزیراعلیٰ نے نئے تقرر کیے گئے انسپکٹرز کو کمیشن سے کامیاب ہونے پر مبارکباد دی، اور کہا کہ آج سے آپ پولیس کا حصہ ہیں۔ آپ کو عوام کا تحفظ، احترام اور ادارے کی عزت کو آگے بڑھانا ہے۔ 


انھوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے پہلے مرحلے میں 233 انسپکٹرز کمیشن کے ذریعہ تقرر کئے تھے۔ 233 انسپکٹرز میں 81 لیگل انسپکٹرز اور 152 انویسٹیگیشن پر مامور ہیں۔ اس طرح سندھ حکومت نے 2 مرحلوں میں 260 انسپکٹرز کمشین کے ذریعے بھرتی کئے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ہماری پولیس بہتریں کام کر رہی ہے۔ ان بھرتیوں میں سندھ حکومت کا بڑا کردار ہے۔ ہم نے سندھ پولیس کی تنخواہوں میں بہتریں اضافہ کیا ہے۔ شہداء کا معاوضہ بڑھایا ہے۔ شہداء کی تنخواہیں جاری رکھنے کے ساتھ پروموشن بھی دیتے ہیں اور شہداء کی 60 سال مکمل ہونے پر ریٹائرمنٹ کرتے ہیں اور انکے خاندان کو فائدہ دیتے ہیں۔ 

اس موقع پر صوبائی وزراء سعید غنی، مکیش کمار چاولہ، امتیاز شیخ، ناصر حسین شاہ، مشیر قانون مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری سید ممتاز علی شاہ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، آئی جی پولیس مشتاق مہر، ایڈیشنل آئی جی پولیس کراچی غلام نبی میمن اور دیگر پولیس افسران  موجود تھے۔

تازہ ترین